تاثیر،۲۸ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
دھنباد ، 28 اکتوبر: مرکزی وزیر مملکت اشونی چوبے نے آج اپوزیشن پر کئی سنگین الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ ہیمنت حکومت نے کوئلہ ، لوہے اور ریت کے اسمگلروں کو کھلی چھٹی دے دی ہے جس کی وجہ سے ریاست میں مجرموں کے حوصلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وہ دھنباد پریشد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے نتیش کمار کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ نتیش کمار کئی سالوں سے وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں لیکن بہار کے عوام انہیں 2024 کے انتخابات میں کرسی سے باہر پھینک دیں گے۔ اپوزیشن کا مذاق اڑاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ٹھگوں کا گروہ ہے جس میں یوراج اور یمراج دونوں وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں۔ پہلے وہ خود فیصلہ کریں ، پھر ملک کی قیادت کی بات کریں۔کنزیومر فوڈ پبلک ڈسٹری بیوشن ، ماحولیات ، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر مملکت اشونی کمار چوبے ہفتہ کو دھنباد کے ریلوے آڈیٹوریم میں منعقدہ روزگار میلے کے مہمان خصوصی کے طور پر پہنچے تھے۔

