تاثیر،۲ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 2 نومبر: بہار میں اساتذہ کی تقرری کا عمل تقرری نامہ سوپنے کے ساتھ ہی مکمل ہوگیا۔ آج وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پٹنہ کے گاندھی میدان میں کنٹریکٹ اساتذہ کو تقرری نامہ سونپا۔ بہار میں آج 1.20 لاکھ منتخب امیدواروں کو تقرری نامے دیے گئے۔ صرف پٹنہ کے گاندھی میدان میں 25,000 منتخب اساتذہ کو تقرری نامہ سونپا گیا۔ تقرری نامہ ملتے ہی سب کے چہروں پر خوشی نظر آئی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ عمان اور قطر سے آنے والے لوگ بھی اس امتحان میں شریک ہوئے اور امتحان پاس کرنے کے بعد استاد بن گئے۔ بہار میں کئی لوگ بینک، فوج، نیم فوجی دستے اور بڑی کمپنیاں چھوڑ کر استاد بن گئے، یہ ہمارے لیے خوشی کی بات ہے۔

68 ہزار کنٹریکٹ اساتذہ بھی امتحان میں شریک ہوئے۔ اس میں 28815 لوگ پاس ہوئے ہیں۔ کنٹریکٹ اساتذہ کا معمولی امتحان لیں گے اور انہیں بھی مستقل کر دیں گے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ جہاں بھی جائیں گے، اچھی تعلیم دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ 10 لاکھ سرکاری نوکریاں 10 لاکھ روزگار فراہم کرنے کا عہد ہے۔ عنقریب 50000 ہیڈ ماسٹرز اور 51000 پولیس افسران بھی تعینات کیے جائیں گے۔ آئندہ ڈیڑھ سال میں 10 لاکھ سرکاری نوکریاں دینے کی تیاریاں ہیں۔

