ڈویژنل کمشنر جموں نے پیرا ایتھلیٹس شیتل دیوی اور پیرا ایتھلیٹ راکیش کمارکا استقبال کیا

تاثیر،۳  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

جموں،3 نومبر: ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار نے جموں میں 16 سالہ پیرا ایتھلیٹس شیتل دیوی اور پیرا ایتھلیٹ راکیش کمار کا والہانہ استقبال کیا۔ پیرا ایتھلیٹس چین کے شہر ہانگزو میں حال ہی میں ختم ہونے والے پیرا ایشین گیمز میں تمغے جیت کر واپس آگئے ہیں۔ ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والی شیتل دیوی نے معذوری کے باوجود تمام مشکلات کو پار کرتے ہوئے دنیا کی پہلی بازو کے بغیر خاتون چیمپیئن آرچر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ڈویژنل کمشنر نے شیتل دیوی کے حوصلہ، عزم اور ناقابل تسخیر جذبے کو سلام پیش کیا۔ ان کے جذبے نے اْن کو دنیا کا پہلا پیرا آرچر بنا دیا۔ انہوں نے راکیش کمار کی محنت اور کامیابیوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اور قوم کو پیرا ایتھلیٹس کی کامیابیوں پر فخر ہے۔
کمشنر نے مزید کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی رہنمائی میں جموں و کشمیر یو ٹی می کھیلوں کو فروغ دینے اور کھلاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے تمام کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی پرورش اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے کردار کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر اے ڈی ڈی سی کشتواڑ شام لال، رکن جے اینڈ کے اسپورٹس کونسل رنجیت کالرا، ڈی ایس او اسپورٹس کونسل، بلجیندر سنگھ ، ارجن اوادی، کروپالی سنگھ، کوچ ابھیلاشا چودھری، ایسکارٹ رومیکا شرما اور دیگر نامور کھلاڑی موجود تھے۔