وزیر اعلیٰ نے چھٹھ تہوار 2023کی تیاریوں کے پیش نظر گنگا گھاٹوں کا معائینہ کیا

تاثیر،۳  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 03 نومبر 2023:- وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے عوامی عقیدے کے عظیم تہوار چھٹھ – 2023 کے پیش نظر چھٹھ گھاٹوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اسٹیمر کے ذریعے دیگھا کے مینار گھاٹ سے ناصری گنج گھاٹ اور پھر ناصری گنج گھاٹ سے کنگن گھاٹ تک مختلف گنگا گھاٹوں کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے گھاٹوں کی صاف صفائی اور سیکورٹی کے سلسلے میں افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ چھٹھ ورتیوں کو ارگھیہ دینے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اس انتظام کو یقینی بنائیں۔ چھٹھ ورتیوں کی سہولیات کا خاص خیال رکھیں۔ چھٹھ کرنے والوں کی حفاظت کو ذہن میں رکھتے ہوئے، چھٹھ گھاٹ بنائیں۔ گنگاندی کے پانی کی سطح اور بہاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے چھٹھ گھاٹوں پر مناسب حفاظتی انتظامات کریں۔ سیکورٹی کے نقطہ نظر سے، چھٹھ گھاٹ کے قریب مضبوط بیریکیڈنگ بنائیں۔ چھٹھ عقیدت مندوں کی آسانی سے آمدورفت کے لیے گھاٹوں تک رسائی والی سڑکوں اورگنگا ندی کے کنارے سڑکوں کے قریب بھی بیریکیڈنگ کرائیں۔ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ چھٹھ منانے والوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ انہیں ہر طرح کی سہولیات بھی میسر ہوں۔
معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، بہار اسٹیٹ آفات مینجمنٹ اتھارٹی کے رکن مسٹر منیش کمار ورما، چیف سکریٹری مسٹر عامر سبحانی، ڈی جی پی مسٹر آر ایس بھٹی، آبی وسائل کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹرچیتنیے پرساد، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، سڑک تعمیرات محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری آفات مینجمنٹ و محکمہ صحت مسٹر پرتیے امرت، انرجی کم پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر سنجیو ہنس، شہری ترقیات ورہائش محکمہ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر سنتوش کمار مل،وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری مسٹر انوپم کمار، پٹنہ ڈویژنل کمشنر مسٹر کمار روی،وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ، پٹنہ زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس مسٹر راکیش راٹھی، ڈی ایم مسٹر چندر شیکھر سنگھ، ایس ایس پی مسٹر راجیو مشرا، پٹنہ میونسپل کارپوریشن کمشنر مسٹر انیمیش پراشر، جنوبی بہار پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر مہیندر پرساد اور دیگر سینئر افسران و عہدیداران موجود تھے۔