تاثیر،۳ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 3نومبر:روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم ونڈے ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ انڈیا ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنلسٹ بن گیا۔ ٹیم انڈیا نے گزشتہ جمعرات (02 نومبر) سری لنکا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل ساتویں جیت حاصل کی اور سیمی فائنل کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔ اب سوشل میڈیا پر کپتان روہت شرما کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ورلڈ کپ سے متعلق مداح کے سوال کا دلچسپ جواب دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔وائرل ویڈیو ائیرپورٹ کی ہے جہاں سے روہت شرما جنوبی افریقہ کیخلاف اگلے میچ کے لیے کولکاتہ روانہ ہو رہے ہیں۔ اسی دوران ایک مداح نے ہندوستانی کپتان سے سوال کیا کہ ورلڈ کپ اپنا ہے نا؟‘‘ روہت شرما نے مداح کے سوال کا دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے، تھوڑا انتظار کرلیں۔جمعرات کو ممبئی کے وان کھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کو 302 رنز سے شکست دی، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں رنز کے لحاظ سے دوسری بڑی شکست تھی۔ میچ میں انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 357 رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے شبھ من گل نے 92، کوہلی نے 88 اور شریس ایئر نے 85 رنز کی اننگز کھیلی۔ہندوستانی گیند بازوں نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا کو صرف 55 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ اس دوران انڈین خیمہ سے محمد شامی نے 5، محمد سراج نے 3، بمراہ اور جڈیجہ نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔ 5 وکٹوں کے ساتھ، محمد شامی و ڈے ورلڈ کپ میں 45 وکٹوں کے ساتھ ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ بولر بن گئے۔ٹیم انڈیا نے اب تک آسٹریلیا، افغانستان، پاکستان، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا کو شکست دے چکی ہے، اب ہندوستان کا اگلا ٹاکرا جنوبی افریقہ کے ساتھ اتوار، 5 نومبر کو ایڈن گارڈن، کولکاتہ میں ہوگا۔

