بہار کی ترقی کے لئے حکومت کوشاں ہے: انچارج وزیر

تاثیر،۳  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

چھپرہ،3 نومبر(نقیب احمد) حکومت بہار کی ترقی اور لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے شروع سے ہی کوششیں کر رہی ہے۔
مذکورہ باتیں ضلع کے انچارج کم محکمہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر سمیت کمار سنگھ نے راجندر اسٹیڈیم میں منعقد ٹیچروں کے تقسیم تقرری نامہ پروگرام میں کہیں۔انہوں نے نو مامور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی ہمہ جہت ترقی میں اساتذہ کا اہم رول ہوتا ہے۔مجھے پورا یقین ہے کہ آپ سب اپنی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی کے ساتھ نبھائیں گے۔
انچارج وزیر نے کہا کہ بہار ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے اتنی بڑی تعداد میں خواتین کو روزگار فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی دوسرے مرحلے کے لیے اساتذہ کی تقرری کا عمل بھی تیز رفتاری سے شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اتنی کم مدت میں اتنی بڑی تعداد میں اساتذہ کی بھرتی کے عمل کو مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کرکے بہار نے ملک کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ضلع میں 2800 اساتذہ کی کونسلنگ ہوئی ہے۔ان اساتذہ میں سے 1000 اساتذہ کو گاندھی میدان میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ نے عارضی تقرری نامہ دیئے۔بقیہ 1800 اساتذہ کو راجندر میں انچارج وزیر،ضلع پریشد کی صدر سنگھ مترا دیوی،ڈی ڈی سی پرینکا رانی،اے ڈی ایم محمد ممتاز عالم اور دیگر اعلیٰ افسران نے جوائننگ لیٹر تقسیمِ کیا۔تمام نو تعینات اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈی ایم امن سمیر نے کہا کہ بچوں کے روشن مستقبل کی تعمیر میں اساتذہ کا کردار والدین سے زیادہ ہے۔آپ سب سے امید ہے کہ آپ جو ذمہ داری آپ کی ہے اس کو ضرور پورا کریں گے۔