تاثیر،۳ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
کٹھمنڈو، 02 نومبر: نیپالی کرکٹ ٹیم نے ٹی۔20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ نیپال کی ٹیم 2024 میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرنے جا رہی ہے۔ نیپالی کرکٹ ٹیم نے 10 سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ اس سے قبل نیپال نے 2014 میں بنگلہ دیش میں منعقدہ ٹی ۔20 ورلڈ کپ کھیلا تھا۔
آج نیپال نے کٹھمنڈو کے مولپانی میں ہوئے کوالیفائنگ سیمی فائنل میچ میں یو اے ای کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی۔20 ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 134 رن بنائے۔ جواب میں نیپال نے یہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ نیپال کی جانب سے آصف شیخ نے سب سے زیادہ 63 رن بنائے جبکہ گیندبازی کے دوران کشال مالا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ایشیا کوالیفائنگ میچ میں نیپال کے ساتھ ساتھ عمان نے بھی ٹی ۔20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ آج کھیلے گئے ایک اور میچ میں عمان نے بحرین کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ فائنل میچ کل نیپال اور عمان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس بار ایشیا کوالیفائنگ سے ورلڈ کپ کے لیے دو ٹیموں کا انتخاب ہونا تھا۔ آج ہونے والے دونوں سیمی فائنلز کے فاتحین کو ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
اس بار اگلے سال ہونے والے ٹی۔20 ورلڈ کپ کرکٹ میں 20 ٹیمیں کھیلیں گی۔ سال 2022 میں ہونے والے ٹی ۔20 ورلڈ کپ میں ٹاپ 8 ٹیمیں آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا، ہالینڈ، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے ساتھ ساتھ منتظم ملک امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی کھیلیں گی۔ اسی طرح بنگلہ دیش اور افغانستان کا انتخاب بھی ترجیح کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ریجنل کوالیفائر میچ سے اب تک نیپال اور عمان کے علاوہ آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اورکناڈابھی کوالیفائی کر چکے ہیں۔

