تاثیر،۵ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
افتتاحی میچ میں عاشقی الیون نے کالی مندر کرکٹ کلب کو 43 رنز سے شکست دی۔
ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) باسوکی پرساد جیسوال میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ لیگ میچ کا کل اتوار کو نیتا جی سبھاش اسٹیڈیم، ارریہ میں افتتاح ہوا، جس میں ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر کم سابق ایم ایل اے ذاکر انور اور ارریہ کے سابق ایم پی سرفراز عالم نے بطور مہمان خصوصی نے فیتا کاٹ کر مذکورہ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ پہلے روز کا افتتاحی میچ میچ کالی مندر کرکٹ کلب اور عاشقی الیون کے درمیان کھیلا گیا، جس میں عاشقی الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پندرہ اوورز میں مجموعی طور پر 154 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں کالی مندر کرکٹ کلب نے چودہویں اوور میں صرف 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں، اس طرح عاشقی الیون نے لیگ کا پہلا میچ 43 رنز سے جیت لیا، اس موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ذاکر انور نے کہا کہ کھیل ذہنی صحت کے لیے بہت ضروری ہیں۔ اس سے باہمی محبت اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوتا ہے۔کھیلوں کے میدان میں بھی آج کی بدلتی ہوئی دوڑ میں روزگار کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے ہمارے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔اس موقع پر سابق ایم پی سرفراز عالم نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ سے ضلع میں کھیلوں کو ترقی ملے گی۔اس لیگ میچ میں کل نو ٹیمیں حصہ لیں گی، تمام ٹیمیں آٹھ آٹھ میچ کھیلیں گی۔میچ کا فائنل 3 دسمبر کو اس گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس موقع پر جوگبنی میونسپل کونسل کے سابق چیف کونسلر نمائندے انور راج کے علاوہ چنگیز انصاری، شریمان سر، تنویر عالم محمد راجا سمیت دیگر مہمان بھی موجود تھے۔میچ میں امپائر کے فرائض جئے پرکاش گپتا اور تنزیل عثمان نے ادا کئے۔نور اللہ نسیم پہلے میچ میں مین آف دی میچ قرار دیئے گئے۔

