پاکستان سے افغانستان واپسی؛ مہاجرین کی حالت زار پر امدادی اداروں کی تشویش

تاثیر،۶  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

ریاض،6نومبر: امدادی اداروں نے بتایا ہے کہ وہ افغان باشندے جو گرفتاری اور نکالے جانے کے خوف سے پاکستان سے بھاگ رہے ہیں سرحد پار کرکے جب اپنے وطن افغانستان پہنچتے ہیں تو وہ کھلے آسمان تلے سونے پر مجبور ہیں، جہاں نہ کوئی مناسب پناہ گاہ ہے، نہ خوراک اور پانی کا معقول بندو بست ہے جب کہ بیت الخلا بھی موجود نہیں ہیں۔حالیہ ہفتوں میں لاکھوں افغان پاکستان سے جا چکے ہیں۔ پاکستانی حکام گھر گھر جاکر ان غیر ملکیوں کے کاغذات دیکھ رہے ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔پاکستان نے غیر قانونی تارکینِ وطن کے لیے ملک سے نکلنے کی ڈیڈ لائن 31 اکتوبر مقرر کی تھی اور متنبہ کیا تھا کہ اس کے بعد غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ان کوگرفتار کر لیا جائے گا۔افغان باشندے پاکستان سے دو بڑی سرحدی گزرگاہوں طورخم اور چمن کے راستے واپس افغانستان جا رہے ہیں۔طالبان نے سرحد پار افغانستان میں کیمپ قائم کیے ہیں تاکہ پاکستان سے آنے والوں کو جب تک ان کے آبائی علاقوں میں نہیں بھیجا جاتا وہ ان کیمپوں میں قیام کر سکیں۔امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ طورخم کی سرحد پر بھی مناسب پناہ گاہیں نہیں ہیں اور پینے کے پانی تک محدود رسائی ہے۔سردی سے بچاؤ کے لیے کوئی انتظام نہیں ہے۔ مہاجرین کھلی فضا میں آگ جلا کر خود کو گرم رکھنے کی کوشش کرتے ہیں جب کہ روشنی وغیرہ کا بھی کوئی معقول بندوبست نہیں ہے۔اقوامِ متحدہ کے ادارے اور امدادی گروپ ان ہزاروں لوگوں کے لیے سہولتیں فراہم کر رہے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں۔امدادی تنظیم ورلڈ وڑن انٹرنیشنل کی تھامْندری ڈا سلوا نے اس صورتِ حال کے حوالے سے بتایا کہ لوگ تھیلوں میں بھرے کپڑوں کے ساتھ افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں کیوں کہ ان کی گھڑیاں، زیورات اور نقد رقوم پاکستانی سرحد پر ان سے لے لی جاتی ہیں۔سیو دی چلڈرن نامی تنظیم کے کنٹری ڈائریکٹر ارشد ملک کہتے ہیں کہ واپس آنے والوں میں بہت سیا یسے افراد بھی ہیں جو اپنی تعلیمی اسناد کے بغیر واپس آ رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری رکھنا مشکل ہو گا۔ اس کے علاوہ وہ مقامی زبانیں دری اور پشتو سے بھی آگاہ نہیں ہیں کیوں کہ انہوں نے پاکستان میں اردو اور انگریزی میں تعلیم حاصل کی تھی۔وہ خبردار کرتے ہیں کہ غربت کے سبب اس بات کا امکان ہے کہ افغانستان میں نہ صرف بچوں سے مشقت لینے کا کام بڑھ جائے بلکہ بلکہ وہ اسمگلنگ جیسے کاموں میں بھی ملوث ہو جائیں گے کیوں کہ واپس آنے والے زیادہ تر خاندان وہ ہیں جن کا شمار پاکستان میں غریب ترین تارکینِ وطن میں ہوتا تھا۔ادھر پوپ فرانسس نے اتوار کے روز ویٹیکن میں ان افغانوں کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا جنہوں نے پاکستان میں پناہ لی تھی لیکن اب نہیں جانتے کہ کہاں جائیں۔