تاثیر،۶ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
سہرسہ/6 نومبر (سالک کوثر امام) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے قومی صدر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی پہلی بار بہار کے سہرسہ تشریف لارہے ہیں ، جہاں وہ 7نومبرکو بعدنمازمغرب سمری بختیارپورسب ڈویژن حلقہ کے تریانواں گاؤں میں منعقد تعلیمی ومعاشی بیداری کانفرنس سے خطاب کریں گے ، وہیں 8نومبر کوصبح دس بجے جامع مسجدرانی باغ ، سمری بختیارپورمین شروع ہونے والے تفہیم شریعت ورکشاپ میں علماء ، ائمہ، ڈاکٹر اورسماجی وسیاسی شخصیات سے خطاب کریں گے حضرت کی آمد کو لےکر عوام میں کافی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ دونوں اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اس کے پیش نظر کئی مشاورتی میٹنگیں ہو چکی ہیں اور جلسہ گاہ کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے ،اجلاس کے کنوینر مفتی خالد مسعود ندوی نے بتایا کہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی 7 نومبر کوبعدنمازمغرب ریڈ روز پبلک اسکول تریانواں کے احاطہ میں منعقد ہونے والے یک روزہ تعلیمی و معاشی بیداری کانفرنس میں شرکت کے لیے سمری بختیار پور تشریف لارہے ہیں۔ وہیں 8 نومبر کو جامع مسجدرانی باغ میں تنظیم ائمہ مساجد کے زیراہتمام منعقدہ نے والے تفہیم شریعت ورکشاپ سے بھی خصوصی خطاب کریں گے۔ ان دونوں پروگراموں میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے ساتھ ساتھ المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کے نائب ناظم مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی،امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے صدر مفتی مولانا مفتی سعید الرحمن قاسمی، دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث وتفسیروادب مولانا مفتی محمد نوشاد نوری قاسمی اور مہمان خصوصی کے طور پر کھگڑیا لوک سبھا حلقہ کے رکن اسمبلی چودھری محبوب علی قیصربھی شرکت کریں گے۔ مفتی خالد مسعود نے مزید کہا کہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی آمد سے علاقے کے لوگوں میں جوش و خروش اور خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگ بے صبری سے مولانا کا انتظار کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ کانفرنس سمری بختیار پور کی سرزمین کے لیے تاریخی ثابت ہوگا۔ انتظامیہ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرکے اس کانفرنس کو کامیاب بنائیں۔ خواتین سے بھی شرکت کی درخواست کی گئی ہے، ان کے لیے پردے کا معقول نظم کیا گیا ہے۔

