مظفر نگر : وندے بھارت ٹرین پر پتھراؤ، شیشے ٹوٹ گئے

تاثیر،۶  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

میرٹھ، 06 نومبر: دہرادون سے آنند وہار دہلی جانے والی وندے بھارت ٹرین پر پیر کو مظفر نگر ضلع میں پتھراؤ کیا گیا۔ اس پتھراؤ میں ٹرین کے شیشے کو نقصان پہنچا۔ مغربی اترپردیش میں وندے بھارت ٹرین پر پتھراؤ کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
22458 وندے بھارت ٹرین دہرادون سے آنند وہار دہلی کے درمیان چلتی ہے۔ پیر کو دہرادون سے نکلنے کے بعد سماج دشمن عناصر نے مظفر نگر ضلع کے کھتولی ریلوے اسٹیشن کے قریب وندے بھارت ٹرین پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے ٹرین کے کوچ کے پچھلے شیشے کو نقصان پہنچا۔ ٹرین کے اندر سفر کرنے والے آر پی ایف کے جوان فوراً موقع پر پہنچ گئے۔
جب ٹرین میرٹھ سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچی تو جی آر پی اور آر پی ایف کے اہلکاروں نے تباہ شدہ کوچ کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد آر پی ایف اور جی آر پی کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، تاکہ ٹرین پر پتھراؤ کا پتہ چل سکے۔ اس سے پہلے سہارنپور اور میرٹھ کے پرتاپور میں وندے بھارت ٹرین پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔ اس واقعہ کے سلسلے میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔