تاثیر،۸ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
ٹونک ،8؍نومبر:کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے بدھ کو ایک بار پھر اعتماد ظاہر کیا کہ راجستھان میں ہر اسمبلی انتخابات میں حکومت بدلنے کی روایت اس بار ٹوٹ جائے گی اور ریاست میں دوبارہ کانگریس کی حکومت بنے گی۔ اس کے ساتھ انہوں نے الزام لگایا کہ اہم اپوزیشن پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی ترقی کے معاملے سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ٹونک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پائلٹ نے کہا کہ راجستھان میں تیس سال سے جو روایت چلی آ رہی ہے… پانچ سال سے بی جے پی، پانچ سال سے کانگریس… وہ روایت اب ٹوٹنے والی ہے۔ لوگوں نے مرکز میں بی جے پی کی دس سالہ حکومت دیکھی ہے اور وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔لوگوں کی توجہ ہٹانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہمارا مسئلہ ترقی کا ہے۔ پارٹی اتحاد کے ساتھ الیکشن لڑ رہی ہے، اس لیے میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہم راجستھان میں حکومت بنائیں گے۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہم مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے جارہے ہیں، تلنگانہ میں بھی چونکا دینے والے نتائج آئیں گے اور کانگریس کی حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان چار پانچ ریاستوں میں بھی ہماری حکومت بنتی ہے تو کانگریس اور اپوزیشن اتحاد ‘انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس’ (انڈیا) مضبوط ہوگا۔یہ اتحاد 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گا۔ .قابل ذکر ہے کہ راجستھان کی 200 اسمبلی سیٹوں کے لیے 25 نومبر کو ووٹنگ ہونی ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔پائلٹ بدھ کو اپنے اسمبلی حلقے کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے مہگاؤں اور شیو پوری سے انتخابی مہم شروع کی۔

