تاثیر،۱۰ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 10 نومبر:انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعہ کو ہیرو موٹو کارپ کے ایگزیکٹو چیئرمین پون کانت منجال کے 24.95 کروڑ روپے کے اثاثوں کو ضبط کرلیا۔ تفتیشی ایجنسی نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر منجال کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔
مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ نئی دہلی میں مقیم پون کانت منجال کی تین غیر منقولہ جائیدادوں کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) 2002 کے دفعات کے تحت عارضی طور پر ضبط کیا گیا ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ ہیرو موٹو کارپ لمیٹڈ کے سی ایم ڈی (چیئر پرسن اور منیجنگ ڈائریکٹر) پون کانت منجال کے 24.95 کروڑ روپے کے کل اثاثوں کو ضبط کر لیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے پی ایم ایل اے 2002 کے تحت پون کانت منجال اور ان کی کمپنیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد اگست میں چھاپے مارے تھے۔ ای ڈی نے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے ذریعہ چارج شیٹ کا نوٹس لینے کے بعد یہ مقدمہ درج کیا تھا، جس میں ان پر غیر قانونی طور پر غیر ملکی کرنسی ہندوستان سے باہر لے جانے کا الزام لگایا گیا تھا۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی کے مطابق استغاثہ کی طرف سے دائر کی گئی شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ 54 کروڑ روپے کی غیر ملکی کرنسی کو غیر قانونی طور پر ہندوستان سے باہر لے جایا گیا تھا۔

