تاثیر،۱۰ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
برسلز،10نومبر:آسٹریلوی اداکارہ کیٹ بلانشیٹ جو اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی خیر سگالی سفیر نے یورپی پارلیمنٹ کے اراکین سے غزہ کی پٹی میں ’فوری انسانی بنیادوں پر جنگ بندی‘ کا مطالبہ کیا ہے۔بلانشیٹ نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ کے موضوع پر یورپی پارلیمنٹ سے خطاب میں “فوری انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور یرغمال بنائے گئے تمام شہریوں کی فوری رہائی” کے مطالبے کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں معصوم لوگوں کی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔
ہال میں موجود اراکین نے ان کے اس مطالبے پر تالیاں بجائیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی افراتفری میں دنیا میں 114 ملین افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بے گھر ہونے والے لوگوں کی اکثریت دوسرے ملکوں میں پناہ لینے پرمجبور ہوئی ہے۔
غزہ کی پٹی پرمسلسل اسرائیلی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔فلسطینی وزیرصحت می الکیلہ نے جمعرات کو کہا تھا کہ غزہ کی پٹی میں صحت کی صورتحال مکمل طور پر تباہی کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ بمباری میں تمام مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہسپتال، مساجد، گرجا گھر اور پناہ گاہیں سب غیر محفوظ ہیں۔انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر وزارت صحت کی طرف سے شائع کردہ ایک بیان میں مزید کہا کہ اسرائیلی حملے میں تقریباً 11,000 فلسطینیوں کی جانیں گئیں، جن میں سے دو تہائی خواتین، بچے اور بوڑھے تھے۔ اس کے علاوہ 26,000 دیگر زخمی ہوئے۔وزیر صحت نے کہا کہ اسرائیلی بمباری اور ایندھن کی کمی کے نتیجے میں 35 میں سے 18 اسپتالوں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔

