پلوامہ میں دہشت گردوں سے انکاونٹر، فوج نے پورا علاقہ گھیرا، سرچ آپریشن جاری

تاثیر،۱۱  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

سری نگر،11نومبر:جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ہفتہ کو سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان انکاونٹر شروع ہوگیا۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ کشمیر زون پولیس نے ایکس ( سابقہ ٹویر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انکاؤنٹر پلوامہ ضلع کے پریگام علاقے میں شروع ہوگیا ہے۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں تفصیلی معلومات کا انتظار ہے۔افسران کے مطابق پولیس اور فوج نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پلوامہ ضلع کے پریگام علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی طور پر دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان کچھ فائرنگ ہوئی، جس کے بعد گھیرا تنگ کرکے سرچ آپریشن تیز کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس انکاونٹر میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔قابل ذکر ہے کہ دو دن پہلے جمعرات کی صبح جموں و کشمیر کے شوپیاں ضلع میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ انکاونٹر میں ‘دی ریزسٹنس فرنٹ’ (TRF) سے تعلق رکھنے والا ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔ جنوبی کشمیر کے ضلع کاٹھوہلان علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی تھی۔جیسے ہی سرچ پارٹی کے اہلکار مشتبہ مقام کے قریب پہنچے تو چھپے ہوئے دہشت گرد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کا سیکورٹی فورسز نے موثر جواب دیا۔ آخر کار انکاؤنٹر میں دہشت گرد مارا گیا اور اس کی لاش انکاونٹر کے مقام سے برآمد ہوئی۔ دہشت گرد کی شناخت میسر احمد ڈار عرف عادل کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم ٹی آر ایف سے تھا۔