تاثیر،۱۴ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
کٹھمنڈو، 14 نومبر:مشرقی نیپال کے مورنگ ضلع میں آتشزدگی کے واقعے میں دو درجن سے زائد افراد بری طرح جھلس گئے ہیں۔ اس آگ کے دوران ایک کار میں دھماکہ ہوا، جس میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت کل 27 افراد زخمی ہوئے۔
مورنگ ضلع کے ارلا باڑی میں دیپک کارکی کے گھر میں آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ، پولیس اور مقامی لوگ آگ بجھانے میں مصروف تھے۔ آگ بجھانے میں مصروف لوگوں نے گھر کی پارکنگ میں کھڑی کار پر توجہ نہیں دی اور گاڑی بھی آگ کے شعلوں میں جلنے لگی۔ اس دوران کار میں اچانک دھماکے سے 4 پولیس اہلکاروں سمیت 27 افراد جھلس گئے۔ ابتدائی طور پر انہیں قریبی علاقے کے مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا لیکن ان کی خراب حالت کو دیکھتے ہوئے 24 افراد کو کھٹمنڈو لایا گیا ہے۔
نیپالی فوج کے ترجمان کرشنا پرساد بھنڈاری نے بتایا کہ پہلے 14 زخمیوں کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کھٹمنڈو لایا گیا اور پھر بعد میں مزید 10 زخمیوں کو لایا گیا۔ ان سبھی کا کھٹمنڈو کے کیرتی پور میں سشما کوئرالا برن سینٹر میں علاج کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق کھٹمنڈو لائے گئے زیادہ تر افراد 60 سے80 فیصد تک جھلس چکے ہیں۔

