نوادہ میں بس میں لوٹ مار، پولیس کے فون نہیں اٹھانے پر مسافر برہم

تاثیر،۱۵  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نوادہ، 15 نومبر: بہار کے نوادہ میں بدھ کی صبح مسلح مجرموں نے بس کے مسافروں سے زیورات، پیسے اور موبائل فون لوٹ لئے۔ نقاب پوش ملزمان اسلحہ کے زور پرلوٹ ماری کی واردات کر کے فرار ہو گئے۔ بس کے مسافروں کا الزام ہے کہ لوٹ کی اطلاع کے باوجود پولیس نے فون نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے اس رویے سے متاثرین میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔بس جھارکھنڈ کے دھنباد سے بہار شریف جا رہی تھی۔ اس دوران بس نوادہ راجولی بس اسٹینڈ کے پار کچھ مسافروں کو نوادہ میں اتارنے جارہی تھی۔ اس دوران بدمعاشوں نے پار نوادہ دیوی استھان مندر کے قریب بس کے مسافروں کو لوٹ لیا۔
لوٹ مار کا شکار ہوئے مسافروں نے پولیس کو فون کیا لیکن کسی نے فون نہیں اٹھایا۔ پولیس اہلکاروں کے موقع پر نہ پہنچنے پر مسافر برہم نظر آئے۔ گھنٹوں بعد سادہ لباس میں کچھ پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ تب تک مجرم فرار ہو چکے تھے۔ اس پورے معاملے میں بندیل کھنڈ تھانے کے ایس آئی للن پرساد نے بتایا کہ لوٹ مار کی واردات کو انجام دیا گیا ہے۔ فی الحال معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ سینئر افسران نے پہلے اس واقعہ کو چھپانے کی کوشش کی لیکن بعد میں سچائی کو قبول کرتے ہوئے ایس آئی ٹی تشکیل دی اور سخت کارروائی کی بات کی۔ ایس پی امبریش راہل نے بتایا کہ صدر ایس ڈی پی او کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ لٹیروں کو 24 گھنٹے میں گرفتار کر لیا جائے گا۔
لوٹ کا نشانہ بننے والے مسافروں نے بتایا کہ ایک بدمعاش سڑک عبور کرنے لگا۔ یہ دیکھ کر ڈرائیور نے بس کی رفتار کم کر دی۔ اس کے بعد ایک بدمعاش بس میں داخل ہوا اور ڈرائیور پر اپنے ہتھیار سے حملہ کر دیا۔ اس کے بعد دیگر بدمعاش بھی بس میں گھس گئے۔ اسلحے کے زور پر مسافروں سے موبائل فون اور رقم چھین لی۔ پیسے اور موبائل دینے سے انکار کرنے والے کو زدوکوب کیا گیا۔ خواتین سے زیورات چھین لیے گئے۔ متاثرہ مسافروں نے بتایا کہ تمام شرپسندوں نے اپنے چہرے تولیوں سے ڈھانپے ہوئے تھے اور ان کے پاس ہتھیار تھے۔ تعداد میں 10 کے قریب شرپسند تھے۔
اس واقعہ کو لے کر مسافروں میں پولیس کے خلاف غصہ پایا جاتا ہے۔ پولیس کے نہ پہنچنے کی وجہ سے سبھی بس کے لر بندیل کھنڈ تھانے پہنچ گئے ۔ مسافروں نے بتایا کہ تھانے میں کوئی پولیس موجود نہیں تھی۔ ہنگامہ آرائی کے بعد کچھ پولیس اہلکار سادہ کپڑوں میں تھانے سے باہر آئے۔ وہ موقع سے پولیس کو فون کرتے رہے لیکن کسی نے موبائل نہیں اٹھایا۔ پولیس کے ڈھیلے رویے سے نوادہ ضلع میں مجرموں کے حوصلے بڑھے ہیں، جس کی وجہ سے عام شہری کافی پریشانی محسوس کررہے ہیں۔ ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔