تاثیر،۱۶ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
رائے پور، 16 نومبر: بدھ کی دیر رات رائے پور میں کانگریس اور بی جے پی کے لوگوں میں کہیں پیسے کی تقسیم تو کہیں پوسٹر پھاڑنے پر جھڑپ ہوئی اور زبردست لڑائی بھی ہوئی۔ دونوں ہی پارٹیوں کے لوگوں نے تھانے میں گھس کر ہنگامہ آرائی کی۔ یہاں، ریاستی کانگریس کمیٹی نے چھتیس گڑھ بی جے پی کے انتخابی شریک انچارج اور مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ کے خلاف چیف الیکشن آفس، رائے پور میں شکایت درج کرائی ہے۔
رائے پور مغربی اسمبلی حلقہ کے کوٹہکی ٹیچر کالونی میں کل دیر رات کانگریس کارکنوں پر بی جے پی منڈل کے کارکنسے مارپیٹ کی خبر ملتے ہی دونوں پارٹیوں کے کارکنان پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔ سرسوتی نگر پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کے دوران تھانے کے احاطے میں ہی کارکنوں کے درمیان مارپیٹ ہوئی۔ اس معاملے کے بعد دونوں پارٹیوں کے سینکڑوں کارکنان تھانے میں جمع ہو گئے ہیں۔
وہیں جش پور میں ووٹروں کو لبھانے کے لیے دو کاروں سے ساڑیوں، جعلی راشن کارڈ اور کانگریس امیدوار ونے بھگت کے بینر پوسٹروں کو بدھ کی رات دیر گئے بی جے پی کارکنان نے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ اطلاع ملتے ہی جش پور تحصیلدار اور پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق بدھ کی دیر رات جش پور سے متصل پورٹینگا میں دو کاروں میں ساڑیوں کا بنڈل اور کچھ فرضی راشن کارڈ رکھے گئے تھے جسے بی جے پی کارکنوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اس دوران کچھ لوگ موقع سے فرار ہوگئے لیکن دونوں گاڑیوں اور دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو بی جے پی کارکنوں نے پکڑ لیا۔ بی جے پی کارکنوں نے اس واقعہ کا ویڈیو بنایا اور اس کی اطلاع پولیس انتظامیہ کو دی گئی۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کر رہی ہے۔ بی جے پی کارکنوں کا الزام ہے کہ جش پور کے کانگریس امیدوار ونے بھگت ساڑیاں بانٹ کر ووٹروں کو اپنے حق میں ووٹ دینے کے لیے آمادہ کررہے ہیں۔
وہیں رائے پور میں کل دیر شام کانگریس کارکنوں نے انتخابات میں کانگریس پارٹی کو نقصان پہنچانے کے مقصد سے جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلانے کے لئے فرضی لیٹر جاری کرنے کے لئے سول لائنز پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ پولیس کو بتایا گیا کہ کانگریس جنرل سکریٹری انچارج کماری سیلجا کے فرضی لیٹر ہیڈ پر ایک فرضی خط انٹرنیٹ میڈیا پر شائع کیا گیا ہے اوراس کی تشہیر کی جا رہی ہے۔
یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ انتخابی نتائج کو لے کر من گھڑت اندازہ لگایا گیا ہے اور ریاستی سربراہ بھوپیش بگھیل کے نام پر بھی جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ اس کا الزام بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتخابی مہم کو سنبھالنے والی کمپنی پر عائد کیا گیا ہے۔ تھانہ سول لائن سے تفتیش اور مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ادھر ریاستی کانگریس کمیٹی نے چھتیس گڑھ بی جے پی کے انتخابی شریک انچارج اور مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ کے خلاف چیف الیکشن آفس، رائے پور میں شکایت درج کرائی ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ مرکزی وزیر عوامی نمائندگی ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے ہیں۔15 نومبر کو ووٹنگ سے 48 گھنٹے پہلے انتخابی مہم روک دی گئی ہے، لیکن مرکزی اور دیگر ریاستوں کے بی جے پی لیڈر ریاستی بی جے پی دفتر کشابھاوٹھاکرے کمپلیکس میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس سے ووٹنگ کا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔ لہذا کانگریس نے چیف الیکٹورل آفیسر سے مرکزی قائدین کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

