تاثیر،۱۸ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام) 18 نومبر:- آپ طالب علموں نے جس طرح تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے خاندان اور سماج کے لیے کچھ کرنے کی ذمہ داری اٹھائی ہے، وہ تعریف کی مستحق ہے۔ متھلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ میڈیکل سائنس کے سیمینار ہال میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد فیض الدین، صدر بہار انجمن دمام خوبر چیپٹر سعودی عرب نے کہا کہ بہار انجمن اور رہنماء فاؤنڈیشن مشترکہ طور پر تعلیم کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔ بہار انجمن ایک ایسی تنظیم ہے جو بیرون ملک میں کام کرنے والے لوگوں کے درمیان کام کرتی ہے۔ محمد فیض الدین نے کہا کہ ان لوگوں کی مالی مدد سے ہندوستان بالخصوص بہار اور جھارکھنڈ میں غریبوں، مزدوروں اور مالی طور پر کمزور بچوں کو تعلیم فراہم کر کے ترقی کی جانب کام کر رہا ہے۔ محمد فیض الدین نے کہا کہ اس سال بہار انجمن دمام چیپٹر نے دو بچوں عادل انصاری اور الفت خانم کو متھلا انسٹی ٹیوٹ میں تعلیم کے لیے بھیجنے کی ذمہ داری لی ہے، انشاء اللہ اگلے سال دو سے زیادہ بچے متھیلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ میڈیکل سائنس کو دیے جائیں گے۔ اس موقع پر متھلا انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین و الہلال ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد نسیم آرزو نے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بہار انجمن کے تمام لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ضرورت مند بچوں کی تعلیم کے لیے اپنا قیمتی وقت اور پیسہ استعمال کیا۔ ڈاکٹر آرزو نے کہا کہ محمد فیض الدین کا متھیلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ میڈیکل سائنس کی جانب سے تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ متھلا کے رسم و رواج کے مطابق محمد فیض الدین کا استقبال پاگ، شال اور میمنٹو دے کر کیا گیا۔ شکریہ ادا کرتے ہوئے تنویر امام نے کہا کہ فیض صاحب نے بہت کم وقت میں ہمیں اپنا قیمتی وقت دیا ہے- تقریب کی نظامت شاہد اطہر (ایڈوکیٹ)ڈائریکٹر متھلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ میڈیکل سائنس نے کیا۔

