تاثیر،۲۰ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جے پور، 20 نومبر: راجستھان میں ٹھنڈی ہوا کے تھمتے ہی موسم پھر سے قدرے گرم محسوس ہونے لگا ہے۔ کل رات ریاست کے کئی اضلاع میں پارہ دو سے تین ڈگری تک بڑھ گیا۔ جس کی وجہ سے موسم میں گرمی بڑھ گئی۔ تاہم لوگ اب بھی صبح و شام گلابی سردی کا اثر محسوس کر رہے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ دو تین روز تک ریاست میں موسم خشک رہنے اور درجہ حرارت میں جزوی اضافہ ہونے کا عندیہ دیا ہے۔راجستھان میں آج سے شمال مغربی سمت سے ہوا چلنا شروع ہو جائے گی۔ اس سے نہ صرف آلودگی کی سطح کم ہوگی بلکہ درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی۔ فی الحال سات روز تک موسم صاف رہے گا۔ اس کے بعد 27 نومبر سے موسم میں تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔ بعض مقامات پر ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ آج بھی راجستھان کے شمالی علاقوں میں صبح کے وقت ہلکی ٹھنڈی ہوا چلی۔ سری گنگا نگر، بیکانیر اور ہنومان گڑھ کے دیہی علاقوں میں ہلکی دھند چھائی رہی۔ فی الحال جے پور اور اجمیر سمیت کئی شہروں کا درجہ حرارت مستحکم ہے۔ ماؤنٹ آبو میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ شمالی راجستھان کے سری گنگا نگر میں درجہ حرارت 13.7 ڈگری سیلسیس، چورو میں 11.5 اور جے پور میں 15.8 ڈگری سیلسیس تھا۔ جے پور میں صبح سے موسم خشک ہے۔ بعض مقامات پر ہلکی دھند چھائی رہی تاہم سورج نکلتے ہی آسمان صاف ہوگیا۔
اسی طرح جودھ پور، بیکانیر میں کل رات کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا اور جیسلمیر، ادے پور میں درجہ حرارت 15 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 سے 4 روز تک درجہ حرارت ایسا ہی رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بعض مقامات پر دو سے چار دنوں میں ایک یا دو ڈگری سینٹی گریڈ تک گراوٹ ہو سکتی ہے۔
موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی ہندوستان میں سرگرم مغربی ڈسٹربنس کا ہلکا اثر آج کم ہو جائے گا۔ اس کی وجہ سے دیر شام سے ایک بار پھر شمالی ہوا پنجاب، ہریانہ، راجستھان، دہلی میں آنا شروع ہو جائے گی۔ جس کی وجہ سے یہاں درجہ حرارت ایک سے دو ڈگری سیلسیس گر جائے گا۔

