تاثیر،۲۱ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
اندور، 21 نومبر : گجرات کے گاوں گڑھ چندری کے قریب منگل کی صبح اندور سے احمدآباد جارہی مسافروں سے بھری بس سڑک کے کنارے مرمت کے لیے کھڑی ایک دیگر بس سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں بس میں سوار چار افراد کی موت ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں بس ڈرائیور، ایک خاتون اور دو بچے شامل ہیں۔ اس حادثے میں 17 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں ایک دو سالہ بچہ اور ایک نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق گجراج ٹریولس کی بس پیر کی رات اندور سے احمد آباد کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ منگل کی صبح، یہ بس گودھرا تعلقہ میں داہود ہائی وے پر گڑھ چندری گاوں کے قریب مرمت کے لیے سڑک کے کنارے کھڑی ایک دیگر بس سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا۔ اس میں بس ڈرائیور سمیت چار لوگوں کی موت ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے، ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی۔ حادثے میں 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ فی الحال مرنے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔