تاثیر،۲۲ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
علی گڑھ ، 22 نومبر: ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج کے شعبہ پروستھوڈونٹکس نے کراؤن اینڈ برج اور کوچرین انڈیا، کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی، لکھنؤ کے اشتراک سے سسٹمیٹک ریویو اور میٹا اینالیسز میں پروٹوکول ڈیولپمنٹ کے لیے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
مہمان خصوصی، اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ طلباء میں تحقیق کا مزاج پیدا کرنا اور علم کے ہر شعبے میں مروّجہ تصورات کی صداقت کو جانچنا ضروری ہے۔پروفیسر بالیندر پرتاپ سنگھ (ڈائریکٹر، کوچرین انڈیا) اور پروفیسر رگھوور دیال سنگھ (معاون ڈائریکٹر، کوچرین انڈیا) نے شواہد پر مبنی ادویات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے لیکچر دیا۔
مہمانانِ اعزازی پروفیسر وینا مہیشوری (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) اور پروفیسر حارث ایم خان (پرنسپل اور چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، جے این ایم سی ایچ) نے صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں خاص طور پر پوسٹ گریجویٹ طلباء کے لیے اس طرح کی ورکشاپ کو اہم قرار دیا۔
ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے کہا کہ شواہد پر مبنی ادویات کے لیے غیر جانبدارانہ اور طبی طور سے تسلیم شدہ اور قابل عمل طریقوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
پروفیسر گیتا راجپوت نے تحقیق میں منظم جائزوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اس میدان میں کوچرین کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر امّ الوریٰ، ڈاکٹر مانسی اگروال اور ڈاکٹر نکھل نے الگ الگ سیشن میں نظامت کے فرائض انجام دئے ۔
قبل ازیں شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر شعبہ پروفیسر شائستہ افروز نے ورکشاپ کے مقاصد بیان کئے۔
ڈاکٹر پنکج کھراڈے نے شکریہ ادا کیا، جب کہ ڈاکٹر حبا انصار نے تقریب کی نظامت کی۔100 سے زائد افراد سیمینار میں شریک ہوئے۔

