گجرات کے سوراشٹرا اور جنوبی گجرات میں آندھی ۔طوفان کے ساتھ بارش

تاثیر،۲۶  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

احمد آباد، 26 نومبر: محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق اتوار کی صبح سے ریاست کے کئی علاقوں میں بارش شروع ہوگئی۔ کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ سوراشٹرا اور جنوبی گجرات میں ہفتہ کی دیر رات سے موسم بدلنا شروع ہو گیا۔ آسمان پر بادل چھاگئے جس کے بعد رات کے وقت ہی کئی مقامات پر بوندا باندی شروع ہوگئی۔ اتوار کی صبح سے سوراشٹرا کے گر سومناتھ، جوناگڑھ، راجکوٹ، امریلی اور کچھ میں بارش ہوئی۔ جنوبی گجرات کے سورت میں آندھی ۔طوفان کے ساتھ بارش کی خبر ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہفتہ سے اگلے 3 دن تک ریاست میں بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ سوراشٹرا اور کچھ میں موسلادھار بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ اتوار کی صبح سے سوراشٹرا کے تقریباً تمام اضلاع میں بارش ہوئی۔ امریلی کے دھاری سمیت گر خطہ میں موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ سرسیا، جر، مورجر سمیت گاوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ گر کے دیہاتوں میں مانسون جیسا ماحول تھا۔ ساور کنڈلا میں بھی تیز بارش ہوئی۔ بارش کی وجہ سے کسانوں کو اپنے کھیتوں میں کھڑی دھنیا، زیرہ، چنے وغیرہ کی فصلوں کے نقصان کا اندیشہ ہے۔
سورت اور انکلیشور میں بارش
جنوبی گجرات کے سورت میں بھی اتوار کی صبح سے ہی موسلادھار بارش شروع ہو گئی۔ آندھی ۔طوفان کے درمیان موسلا دھار بارش ہوئی۔ موسم میں اس تبدیلی کے بعد حد نگاہ (ویزیبلٹی)بھی کم ہوگئی جس کی وجہ سے صبح گھروں سے نکلنے والے لوگوں کو گاڑی چلانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ انکلیشور کے کئی گاوں میں بھی بارش کی خبر ہے۔ سورت ضلع کے اولپاڈ میں بارش نے کسانوں کی پریشانیوں کو بڑھا دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں 27 نومبر تک بارش کا امکان ہے۔ بارش کی وجہ سے ریاست کے مارکیٹنگ یارڈس میں پیداوار کو ذخیرہ کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ پیداوار کو صحن میں ڈھکی ہوئی جگہ کے مطابق رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی یارڈ کو پہلے ہی بندکر دیا گیا ہے ۔ کسانوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی پیداوار کو ترپال وغیرہ سے ڈھانپنے کا انتظام کریں۔