تاثیر،۲۶ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
سرینگر، 26 نومبر:کشمیر میں زیادہ تر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر پہنچ گیا، جس سے لوگوں کو شدید سردی سے کچھ راحت ملی۔
پہلگام اور کپواڑہ کو چھوڑ کر، وادی کے دیگر تمام موسمی مراکز میں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر رہا۔حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے موسم گرما کی راجدھانی سری نگر میں کم از کم درجہ حرارت صفر ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا – جو گزشتہ رات منفی 1 ڈگری سیلسیس سے زیادہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں گلمرگ کے مشہور سیاحتی مقام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں وادی کے گیٹ وے ٹاؤن قاضی گنڈ میں کم از کم درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جب کہ کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اسی طرح جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں واقع پہلگام کا سیاحتی مقام وادی کا سب سے سرد ترین مقام تھا جہاں گزشتہ رات منفی 3.4 ڈگری سیلسیس کے مقابلے منفی 1.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ وہیں شمالی کشمیر کے کپواڑہ قصبے میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.7 ڈگری سیلسیس پر رہا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اتوار کے روز موسم جزوی سے عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ پیر سے 30 نومبر تک کشمیر کے اونچے علاقوں میں کء جگہوں پر ہلکی بارش و برفباری کے امکانات ہیں۔

