تاثیر،۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
موتیہاری میںفری اردو کمپیوٹر ٹریننگ انسٹی چیوٹ اور اردو کوچنگ سنٹر کا قیام جلد
موتیہاری ، 2 دسمبر (محمدامر اللہ) انجمن ترقی اُردو، مشرقی چمپا رن کی جانب سےشہر کے عوام بالخصوص نئی نسل کو اپنی مادری زبان اردو سے جوڑنے کے لئے خصصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔اس مہم کے تحت شہر کے کثیر آباد مسلم محلّوں میں جاکر طلبا و طالبات اور اور گارجین سے ملاقات کی جارہی ہے ساتھ ہی تعلیمی نصاب میں اردو زبان کی شمولیت کی اہمیت و افادیت سے انھیں آگاہ کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ اردو کو اپنے یومیہ بول چال کے ساتھ ساتھ اپنے مکا نوں اوردکانوں کے سائن بورڈ سمیت اپنی عام زندگی میں لازمی طور پر اردو شامل کرنے کی گزارش کی جا رہی ہے۔لوگوں میں اردو اخبارات پڑھنے کا رواج عام ہو، اس کے لئے ، اردو اخبارات لوگوں میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔
انجمنِ ترقی اُردو، مشرقی چمپا رن کے صدر تنویر احمد خان اورو سکریٹری کا کہنا ہے کہ اردو کی ترویج و اشاعت صرف اخباری بیانات یا مشاعرہ و سیمینار کے انعقاد سے ممکن نہیں ہے۔اس کے لئے عملی طور پر زمینی سطح پر کا کام کرنے کی ضرورت ہے۔چنانچہ اسی تقاضے کو پورا کرنے کے لئےیہ مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کے بڑے مثبت نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔لوگوں میں یہ رائے قائم ہو رہی ہے کہ آنے والے تعلیمی سال سے اپنے بچوں کا داخلہ انھیں اسکولوں میں کرائیں گے، جہاں دیگر مضامین کے ساتھ اردو تعلیم کا بھی مناسب انتظام ہوگا۔انجمن کے مذکورہ دونوں ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ اُردو سے عوام کو جوڑنے کے لئے شہر کے اندر اور قرب و جوار میں واقع مساجد کے گیٹ پر تحریکی سلوگن والے اسٹیکر اور پمفلیٹ چسپاں کئے جا رہے ہیں۔اس کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بل تقسیم کئے گئے ہیں۔شہر میں جہاں بھی کوئی تقریب ہوتی ہے، وہاں اردو کے تحفظ کے لئے رائے عامہ ہموار کرنے کی غرض سے لوگوں میں ہنڈ بل ضرور تقسیم کئے جاتے ہیں ۔انجمن کی جانب سے ضلع کی تقریباََ تمام ائمۂ مساجد کو خط لکھ کر ان سے جمعہ کے خطبہ میں اردو زبان کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے اپنے گھروں اور تعلیمی سطح پر اردو کو خود سے جوڑنے کے لئے مصلیان سے کی گزارش کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔اطلاع کے مطابق اردو کے حوالے سے ائمۂ مساجد کے خطاب کے بھی بڑے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔انجمن کے سکریٹی کے مطابق گزشتہ روز انجمن کے ذمہ داروں کی ایک میٹنگ ہوئ ہے۔ میٹنگ میںانجمن کی جانب سے فری اردو کمپیوٹر کورس اور انٹر میڈیٹ سطح تک کے لئے فری اُردو کوچنگ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔اس فیصلے کے جلد سے جلد عمل در آمد کی سمت میں کام جاری ہے۔

