ای ڈی نے شراب پالیسی معاملے میں سنجے سنگھ کے خلاف 60 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی

تاثیر،۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی،02؍دسمبر: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے دہلی ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ ای ڈی نے سنجے سنگھ کے خلاف راؤس ایونیو کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ یہ چارج شیٹ 60 صفحات کی بتائی جاتی ہے۔ عدالت نے سنجے سنگھ کی ضمانت کی عرضی پر ای ڈی سے 6 دسمبر تک جواب طلب کیا تھا۔ سنجے سنگھ اس وقت جیل میں ہیں۔انسداد منی لانڈرنگ ایجنسی نے سنجے سنگھ کو 4 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے الزام لگایا ہے کہ سنجے سنگھ نے اب منسوخ شدہ ایکسائز پالیسی کی تشکیل اور نفاذ میں کلیدی کردار ادا کیا، جس سے شراب بنانے والے، تھوک فروشوں اور خوردہ فروشوں کو فائدہ پہنچا۔ تاہم سنجے سنگھ نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔عدالت نے ای ڈی کو ہدایت دی تھی کہ وہ مبینہ ایکسائز اسکام سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں سنجے سنگھ کی طرف سے دائر ضمانت کی درخواست پر 6 دسمبر تک اپنا جواب داخل کرے۔ خصوصی جج ایم کے ناگپال نے درخواست پر مرکزی تفتیشی ایجنسی کو نوٹس جاری کیا تھا۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ سنجے سنگھ کو مزید حراست میں رکھنے سے کوئی مقصد پورا نہیں ہوگا۔ ای ڈی نے عدالت کی آخری تاریخ سے پہلے ہی چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔