تاثیر،۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
چنڈی گڑھ، 2 دسمبر: پنجاب کے سنگرور میں میریٹوریئس اسکول کے 40 بچے آلودہ کھانا کھانے سے شدید بیمار ہو گئے۔ ان بچوں کو سنگرور کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں بچوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔ بچوں نے جمعے کی رات جو کھانا کھایا تھا، اس کے نمونے لیے گئے ہیں۔ پنجاب کے وزیر تعلیم ہرجوت بینس نے واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ پولیس نے کھانا فراہم کرنے والے ٹھیکیدار کو حراست میں لے لیا ہے۔
گورنمنٹ میریٹوریئس اسکول میں جمعہ کی رات بچوں نے معمول کے مطابق کھانا کھایا۔ کھانا کھانے کے چند گھنٹے بعد ہی بچوں کی طبیعت خراب ہونے لگی اور بچوں کو الٹیاں آنے لگیں۔ کئی بچوں کے منہ سے جھاگ نکلنے لگی۔ دیر رات 18 اسکولی بچوں کو سنگرور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس کے بعد ہفتہ کی صبح 20 بچوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔
بچوں کا الزام ہے کہ دیوالی کے بعد انہیں ناقص کھانا دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کئی بار شکایت کی ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہو رہی ہے۔ کئی بار انہیں کیڑے مکوڑے بھی مل جاتے ہیں۔ سنگرور کے ایس ایم او ڈاکٹر کرپال سنگھ کے مطابق 14 بچوں کی حالت بہتر ہونے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر کا علاج جاری ہے۔
ادھر وزیر تعلیم ہرجوت بینس کی ہدایت پر پولیس نے کھانا سپلائی کرنے والے ٹھیکیدار کو حراست میں لے لیا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کھانے کے نمونے لے لیے گئے ہیں۔ اسکول میں ہی میڈیکل ٹیم تعینات کر دی گئی ہے۔

