تاثیر،۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ،03دسمبر:ڈونیڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان نے یہ ہدف 18.2 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ فاطمہ ثناء کو شاندار باؤلنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کی کپتان سوفی ڈیوائن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم ان کا فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا اور ٹیم 44 رنز پر صرف دو وکٹیں گنوا بیٹھی۔ سوزی بیٹس نے 30 گیندوں میں 28 رنز بنائے اور ٹیم کا مڈل آرڈر مکمل طور پر فلاپ رہا۔ کپتان سوفی ڈیوائن بھی فلاپ رہیں اور صرف 11 رنز بنا سکیں۔ لوئر آرڈر میں میڈی گرین نے 28 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 43 رنز بنائے اور ٹیم کو باعزت اسکور تک لے گئی۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے شاندار بولنگ کی۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ بہت اچھی رہی۔ منیبہ علی اور شوال ذوالفقار کی اوپننگ جوڑی نے رنز بنائے۔ منیبہ علی نے 23 جبکہ ذوالفقار نے 42 گیندوں پر 41 رنز بنائے جس میں سات چوکے شامل تھے۔ مڈل آرڈر میں کپتان ندا ڈار نے بھی 14 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ عالیہ ریاض 12 گیندوں پر 25 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں اور ٹیم کو شاندار فتح دلائی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ اس جیت سے پاکستان ویمن ٹیم کے اعتماد میں بہت اضافہ ہو گا۔

