تلنگانہ میں فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دو پائلٹ ہلاک

تاثیر،۴ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد،4؍دسمبر:آئی اے ایف ٹرینر ایئر کرافٹ کریش: ہندوستانی فضائیہ کا تربیتی طیارہ پیر کی صبح تلنگانہ کے ضلع میدک میں گر کر تباہ ہوگیا، جس میں دو پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ ساتھ ہی اس کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ ضلع کے توپارن منڈل میں پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے وقت طیارے میں ایک ٹرینر اور ایک ٹرینی پائلٹ موجود تھے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ طیارہ نے حیدرآباد کے قریب ڈنڈیگال میں ایئر فورس اکیڈمی (اے ایف اے) سے اڑان بھری تھی۔ انہوں نے کہا کہ اے ایف اے حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ہندوستانی فضائیہ نے کہا کہ طیارہ حیدرآباد میں ائیر فورس اکیڈمی (اے ایف اے) سے تربیتی معمول کے لیے اڑان بھرا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔ ایک ٹرینر اور ایک ٹرینی پائلٹ طیارے کے اندر موجود تھے جب یہ گر کر تباہ ہوا اور دونوں کی موت ہو گئی۔ ہندوستانی فضائیہ نے یہ معلومات ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر دی۔ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ Pilatus PC 7 MK II طیارہ ایک انجن والا طیارہ ہے، جس پر ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ بیسڈ ٹریننگ لیتے ہیں۔ فضائیہ نے حادثے کی وجہ جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا ہے۔