تاثیر،۴ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
چنئی/نئی دہلی، 04 دسمبر: چنئی میں سائیکلون میچونگ کی وجہ سے شدید بارش ہو رہی ہے۔ مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں تعلیمی ادارے، بینک اور دیگر سرکاری دفاتر بند کر دیے گئے ہیں۔ چنئی ایئرپورٹ کے رن وے پر پانی بھر جانے کی وجہ سے اسے پیر کی رات گیارہ بجے تک بند کر دیا گیا ہے۔ اس دوران کچھ پروازوں کے روٹس میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔
ریاست کے چیف سکریٹری شیو داس مینا کی طرف سے پیر کو جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام اسکول، کالج، تعلیمی ادارے، پبلک انڈرٹیکنگ/کارپوریشنز، بورڈ، بشمول بینکوں اور مالیاتی اداروں کے دفاتر چنئی، تروولور، کانچی پورم اور چنگل پٹو اضلاع میں بند رہیں گے۔
تمل ناڈو راج بھون نے کہا ہے کہ کچھ مشرقی ساحلی اضلاع سائیکلون سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔ لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ضروری خدمات کو برقرار رکھنے کے لیے مرکزی اور ریاستی ایجنسیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں اعلیٰ سطح پر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
صورتحال کے پیش نظر گورنر نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاستی حکومت کے مشورے پر عمل کریں اور حالات بہتر ہونے تک گھروں میں ہی رہیں۔
شدید بارش کی وجہ سے چنئی ایئرپورٹ کے رن وے پر پانی بھر گیا ہے۔ اس کے پیش نظر چنئی ایئرپورٹ نے آج صبح 9.17 سے رات 11 بجے تک اپنی فضائی حدود بند کر دی ہے۔ چنئی ہوائی اڈے سے تقریباً 11 پروازوں کو کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بنگلور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ چنئی میں اترنے والی ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کو KIA کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ ہوائی اڈے کے حکام کے مطابق انڈیگو، اسپائس جیٹ، اتحاد، گلف ایئر، فلائی دبئی، ایئر انڈیا، لفتھانسا اور برٹش ایئرویز کی پروازوں کو چنئی سے بنگلورو کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

