بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے اعلان کیا اپنا جانشیں

تاثیر،۱۰ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ،10 دسمبر: اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ اور بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے اپنے بھتیجے آکاش آنند کو اپنا جانشین قرار دیا ہے۔ یہ اعلان اتوار 10 دسمبر کو کیا گیا۔ پارٹی لیڈر ادے ویر سنگھ نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ‘بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آکاش آنند (مایاوتی کے بھتیجے) کو اپنا جانشین قرار دیا ہے۔’بتا دیں کہ اتوار کو بی ایس پی کے ریاستی عہدیداروں اور ضلع لیڈروں کی ایک خصوصی میٹنگ طلب کی گئی تھی۔ میٹنگ میں اس بڑے اعلان سے مایاوتی نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ مانا جا رہا تھا کہ بی ایس پی مایاوتی کی قیادت میں لوک سبھا الیکشن لڑے گی۔ حالانکہ مایاوتی نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ بی ایس پی ملک کے عام انتخابات اکیلے دم پر لڑے گی۔ہفتہ کو ا?فیشیل بیان کے مطابق پارٹی تین ریاستوں بشمول مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں حال ہی میں ختم ہوئے اسمبلی انتخابات میں اپنی کارکردگی کا تجزیہ کرے گی۔ اس دوران 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے امیدواروں کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اب آکاش آنند کو اپنا جانشین قرار دینے کے بعد بی ایس پی کی جانب سے اتحاد کے بارے میں کچھ فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ 2019 میں الیکشن کمیشن کے ذریعہ مایاوتی پر 48 گھنٹے کی مہم پر پابندی کے بعد آکاش نے سیاسی اسٹیج پر اپنا آغاز کیا، اپنی پہلی ریلی سے خطاب کیا اور لوگوں سے ایس پی۔بی ایس پی۔آر ایل ڈی اتحاد کی حمایت کرنے کی اپیل کی تھی۔آکاش آنند کو اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کیڈر کو تیار کرنے اور گجرات، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں پارٹی تنظیم کی تنظیم نو کا کام بھی سونپا گیا ہے۔ آکاش کو 2019 میں بی ایس پی کا قومی کوآرڈینیٹر بنایا گیا تھا، جب مایاوتی نے سماج وادی پارٹی سے اتحاد توڑنے کے بعد پارٹی تنظیم میں ردوبدل کیا تھا۔