تاثیر،۱۰ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
بریلی، 10 دسمبر:بریلی-نینیتال ہائی وے پر آدھی رات کے بعد ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں بھوجی پورہ تھانے سے کچھ فاصلے پر ایک ڈمپر سے ٹکرانے کے بعد ایک کار میں آگ لگ گئی۔ تھوڑی ہی دیر میں تمام آٹھ افراد کی موت ہو گئی۔ سی او چمن سنگھ چاوڈا نے اس حادثے میں آٹھ لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔
پولیس کے مطابق کار میں سوار لوگ بریلی شہر میں منعقد ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس بہیڑی جا رہے تھے۔ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا کر لاشوں کو گاڑی سے نکالا۔ ڈمپر سے ٹکرانے کے بعد کار میں آگ لگ گئی۔ شاید اسی وجہ سے اس کا مرکزی لاک پھنس گیا۔ ڈمپر میں پھنسی گاڑی جلتی رہی۔ کسی کو باہر نکلنے کا موقع نہیں ملا۔پولیس کے مطابق کار کی رفتار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ تقریباً پانچ فٹ اونچے ڈیوائیڈر پر چڑھ گئی اور مخالف سمت سے ا?رہے ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ ڈمپر بھی تقریباً اسی رفتار سے سفر کر رہا ہو گا۔پولیس کے مطابق کار میں سوار زیادہ تر افراد گرم کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ جس کی وجہ سے آگ کے شعلوں نے انہیں بری طرح زد میں لے لیا۔

