وزارت داخلہ نے گجرات کو 338.24 کروڑ روپے اور ہماچل پردیش کو 633.73 کروڑ روپے کی مالی امداد کی منظوری دی

تاثیر،۱۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 12 دسمبر: وزارت داخلہ نے منگل کو طوفان بپرجوئے سے متاثرہ گجرات اور بارش سے متاثرہ ہماچل پردیش کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ سے بالترتیب 338.24 کروڑ روپے اور 633.73 کروڑ روپے کی اضافی امداد جاری کرنے کی منظوری دی۔
وزارت کے مطابق مرکزی حکومت نے گجرات اور ہماچل پردیش کے اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (ایس ڈی آر ایف ) کو پہلے ہی 584 کروڑ روپے اور 360.80 روپے جاری کیے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس سال جنوب مغربی مانسون کے دوران ہماچل پردیش سیلاب، بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سنگین تباہی سے گزرا تھا۔ دوسری جانب ریاست گجرات طوفان بپرجوئے سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق، ایک بین وزارتی مرکزی ٹیم دونوں ریاستوں میں متعین کی گئی تھی تاکہ متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
ہماچل پردیش حکومت کو فوری امدادی کارروائیوں کا انتظام کرنے میں مدد کے لیے 21 اگست کو این ڈی آر ایف کی جانب سے 200 کروڑ روپے کی پیشگی رقم بھی جاری کی گئی تھی۔ مرکزی حکومت نے اس سے پہلے اپنے حصے کی دونوں قسطیں ایس ڈی آر ایف کو جاری کی تھیں، جن کی کل رقم 360.80 کروڑ روپے تھی۔