تاثیر،۱۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
فورٹ لاڈرڈیل (امریکہ)،12دسمبر (ہ س)۔ دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو جس میچ کاانتظار تھا، وہ یکم فروری کو سعودی عرب میں ہوگا جب لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ میسی کی ٹیم انٹر میامی نے پیر کو تصدیق کی کہ وہ سعودی عرب میں ریاض سیزن کپ کھیلے گی۔ اس کا مقابلہ 29 جنوری کو الہلال سے اور یکم فروری کو رونالڈو کی ٹیم النصر سے ہوگا۔
یہ دونوں کلب سعودی پرو لیگ میں سرفہرست ہیں اور رونالڈو نے لیگ میں سب سے زیادہ گول اسکور کیے ہیں۔ انٹر میامی کے کھیلوں کے ڈائریکٹر کرس ہینڈرسن نے کہا ’’ یہ میچز ہمیں نئے سیزن کی تیاری میں مدد فراہم کریں گے۔ ہمیں الہلال اور النصر جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف خود کو آزمانے کا موقع ملے گا۔‘‘ میسی اور رونالڈو کلب اور بین الاقوامی فٹ بال میں 35 بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں جن میں سے میسی کی ٹیم نے 16 اور رونالڈو کی ٹیم نے 10 میچ جیتے ہیں، جبکہ نو میچ ڈرا ہوئے۔
ان میچوں میں میسی نے 21 گول کیے اور 12 میں اسسٹ کیے، جب کہ رونالڈو نے 20 گول کیے اور ایک اسسٹ کیا۔ میسی کو ان کی سابق ٹیم پیرس سینٹ جرمین نے مئی میں سعودی عرب کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے منعقدہ ایک ایونٹ میں شرکت کے بعد معطل کر دیا تھا۔ میسی اور رونالڈو بالترتیب بارسلونا اور ریال میڈرڈ کے لییبھی کئی بار ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکے ہیں۔

