وزیر اعظم مودی کے خلاف آرٹیکل کے لئے سنجے راوت کے خلاف ایف آئی آر درج

تاثیر،۱۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

ممبئی،12دسمبر:مہاراشٹر کے یاوتمال میں پولیس نے پیر کے روز شیوسینا (یو بی ٹی) کے رہنما سنجے راوت کے خلاف پارٹی کے ترجمان ‘سامنا’ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف قابل اعتراض مضمون لکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) یوتمال کے کنوینر نتن بھٹڈا نے ‘سامنا’ اخبار کے ایگزیکٹیو ایڈیٹر راؤت کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت کے مطابق بھٹڈا نے دعویٰ کیا کہ راوت نے 11 دسمبر کو وزیر اعظم مودی کے خلاف ایک قابل اعتراض مضمون لکھا تھا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ راوت کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153 (A)، 505 (2) اور 124 (A) کے تحت مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے اور دیگر جرائم کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ کے مطابق حال ہی میں سامنا میں تین ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی بے مثال کامیابی پر ایک مضمون شائع ہوا ہے۔ بی جے پی کی جیت کا تجزیہ کرتے ہوئے اخبار روزنامہ سامنا میں مورخہ 10/12/2023 کو روک تھوک کے عنوان سے شائع ہونے والے مضمون میں لکھا ہے کہ اگر کانگریس مدھیہ پردیش، راجستھان میں جیت جاتی تو پی ایم مودی 2024 سے پہلے کچھ بڑا کر چکے ہوتے۔ الیکشن…! سامنا کے اس مضمون کی بنیاد پر یوتمال کی عمرکھیڈ پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے۔