شعبۂ فارسی پٹنہ یونیورسٹی میںپروفیسر عراق رضا زیدی جامعہ ملیہ اسلامیہ نیودہلی کا توسیعی خطبہ

تاثیر،۱۴ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

پریس ریلیز 14.12.2023 :ٓآج شعبۂ فارسی پٹنہ یونیورسٹی میں پروفسیر عراق رضا زیدی سابق صدر شعبۂ فارسی جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی نئی دہلی کی آمد ہوئی۔ ان کی آمد پر شعبۂ فارسی پٹنہ یونیورسٹی میں ایک پروگرام رکھا گیا جس میں خصوصی خطاب پروفیسر عراق رضا زیدی کاہوا۔ سب سے پہلے صدر شعبۂ فارسی پٹنہ یونیورسٹی پروفیسر محمد عابد حسین نے ان کا استقبال کیا اورشعبہ میں آنے پر انہیں مبارکباد دی۔ اور تمام لوگوں کے درمیان انہوں نے علوم ادبیہ کے مسائل سے متعلق ایک مبسوط خطبہ دیا جس میں بہت سارے مسائل اور ان کےحل اور پھر اس سے پیدا شدہ حالات پرانہوں نے روشنی ڈالی ۔ طلباء کی جانب سے آئے سوالات کے تشفی بخش جوابات دئیے گئے اور طلباء کو فارسی زبان وادب کی اہمیت بتاتے ہوئے انہیں فارسی زبان وادب پڑھنے کی ترغیب دی۔ واضح ہو کہ پروفیسر عراق رضا زیدی دورحاضر میں فارسی کےاچھے ادیب اوربہترین شاعرہیں خصوصاً علم عروض وبلاغت میںیکتائے روزگار ہیں، تاریخ گوئی میں ان کو کمال حاصل ہے۔ انہوںنے اپنے خطاب میں کہا کہ فارسی زبان وادب سے دوری کی وجہ سے اردوزبان بھی روز بروز کمزور پڑتی جارہی ہے آج لوگ قدیم شاعروں اور ادیبوں کی تخلیقات اور تحریرات کامطالعہ چھوڑ چکے ہیں، اس کی وجہ سے ہمارا ادب ، تہذیب ، کلچر اور ہماری زبان کمزور ہوتی جا رہی ہے۔ سخت ضرورت ا س بات کی ہے کہ ہم اپنے قدیم ادیبوں کی تصنیفات کو عام کریں اور اس کا مطالعہ کریں تاکہ ہماری زبان اور ہماری تصنیفات معیاری ہوسکیں۔زبان اور ادب کسی خاص قوم یا کسی خاص مذہب کے لوگوں کے لیے نہیں ہے بلکہ ساری دنیا کے انسانوں کے لیے ہے۔ خاص کر ہمارے ہندوستان میں فارسی اور اردو کا تعلق ایسا ہے کہ دونوںایک دوسرے کے لازم وملزوم ہیں۔ اگر فارسی ادب کو معیاری بنانا ہوتو اردو کےقدیم ادیبوں اور شاعروں کو پڑھنا ضروری ہے اسی طرح اگر اردو ادب کو معیار بخشنا ہوتو فارسی کے بڑے بڑے شاعروں کے دیوان اور ان کی تخلیقات وتحریرات کا مطالعہ ضروری ہے۔ فارسی کی اہمیت وافادیت پرروشنی ڈالتے ہوئے انہوں طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے روزگارکے مواقع پر بھی خاصی باتیں بتائیں اور کہاکہ فارسی اور انگلش دونوں زبانوں پر یکساں مہارت حاصل کرنے کی ضرورت ہے، کیوںکہ آج دہلی اور حیدرآباد اور دیگر شہروں میں بہت ساری ملٹی لیول کمپیاں ہیں جو فارسی کے جانکاروں کو ڈھونڈ رہی ہیں اورجو فارسی کے اچھے جانکار مل رہے ہیں انہیں اچھے پیکج پر روزگار مل رہے ہیں۔ آج کے دور میں ٹکنالوجیکل کمپنیاں ہیں جیسے Facebook, Amazon, Janpack, اور دیگر ٹورزم وغیرہ کی کمپنیاں بھی ہیں جو فارسی کے جانکار کو اچھے پیکج پر روزگار دے رہے ہیں۔پروفیسر صاحب کے اس خطاب سے طالب علموں میںفارسی زبان وادب کی طرف کافی دلچسپی بڑھی اور فارسی کے ساتھ اردو بھی پڑھنے کا ذوق ظاہر ہوا۔اس پروگرام میں شعبہ کے استاذ ڈاکٹر محمد ابو الکلام، ڈاکٹر محمد محمود عالم ، ڈاکٹر سومن کماری اورریسرچ اسکالرز میں پروین کمار، عبدالمتین ،شمس جبیںاور دیگر بی اے ، ایم اےاور پی ایچ ڈی کے طلباء وطالبات شامل ہوئے۔اخیر میں صدر شعبہ پروفیسر محمد عابد حسین نے خصوصی مہمان اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔