تاثیر،۱۵ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) سہسرام شہر میں خاص طور پر پرانی جی ٹی روڈ پر دھرم شالا چوک سے کالی استھان تک غیر قانونی گاڑیوں کی پارکنگ کا رجحان تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے، ضلع انتظامیہ غیر قانونی پارکنگ روکنے میں بے بس ثابت ہو رہی ہے ۔ حال ہی میں ضلع کلکٹر کے عہدہ پر نوین کمار کی تعیناتی کے بعد شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا امکان پیدا ہو گیا تھا، سڑک پر غیر قانونی پارکنگ کے خلاف جرمانے کی کارروائی بھی کی جا رہی تھی جس سے عوام کا اعتماد بھی بڑھ رہا تھا لیکن اب ضلع انتظامیہ مکمل طور پر ڈھیلی پڑی ہوئی ہے ۔ ضلع کلکٹر کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے مچھلی منڈی اور سبزی منڈی کو بھی روضہ روڈ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا، تکیہ اوور برج کے نیچے پہلے سے منتخب کردہ جگہ پر مچھلی منڈی اور سبزی منڈی کے قیام کے لئے اقدامات کئے گئے، تکیہ اوور برج کے نیچے صفائی کی گئی، میونسپل کارپوریشن کمشنر انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس آفیسر یتیندر پال نے بھی جلد ہی مچھلی منڈی اور سبزی منڈی کو اوور برج کے نیچے منتقل کرنے کا دعویٰ کیا تھا مگر اچانک سرگرمیاں بند ہونے سے لوگوں میں طرح طرح کے شبہات ہونے لگے ہیں ۔ پرانی جی ٹی روڈ پر تقریباً جگہ جگہ گاڑیوں، اسٹالس اور فٹپاتھ دکانوں کی موجودگی کی وجہ سے سڑک بھی جام رہتی ہے، عام لوگوں کو پیدل چلنے میں بھی دشواریوں کا سامنا ہے، علاوہ ازیں صبح سے شام تک کلکٹریٹ کے سامنے روضہ روڈ کے پاس لگنے والی مچھلی منڈی کی ہلچل کا الگ ہی منظر ہوتا ہے ۔ جام کے پیش نظر سابق ضلع کلکٹر دھرمندر کمار نے سڑک کی چوڑائی کا کام تیزی سے مکمل کرایا تھا اور شیرشاہ روضہ گیٹ کے قریب غیر قانونی طور پر مقیم لوگوں کو ہٹا کر اسکی صاف صفائی کرائی تھی لیکن ان دنوں پھر شہر کی حالت ایسی ہے کہ سڑک جام سے لوگوں کو راحت نہیں ملتی ۔ نئے ضلع کلکٹر نوین کمار کو بھی کئی بار سڑک جام کا سامنا کرنا پڑا ہے، انکی اپنی گاڑی بھی جام میں پھنس چکی ہے ۔ ضلع کلکٹر کی جانب سے جی ٹی روڈ کو صاف رکھنے کا حکم جاری کیا گیا، ٹریفک پولس اسٹیشن کو خصوصی ذمہ داری دی گئی، ٹریفک پولس کی جانب سے سڑک پر غیر قانونی پارکنگ کے خلاف جرمانے عائد کرنے کے باوجود عوام پر کوئی اثر نہیں ہو رہا جو افسوسناک ہے، ٹریفک پولس بھی فی الوقت بے بس نظر آ رہی ہے ۔ حال تو یہ ہے کہ سہسرام سول کورٹ کے قریب بھی سڑک پر غیر قانونی پارکنگ ہونے لگی ہے ۔