تاثیر،۱۵ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد،15دسمبر:تلنگانہ کے سابق وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر رائو(کے سی آر) کو اسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے خبر سامنے آرہی ہے کہ کے سی آر اسپتال سے نندی نگر اپنی رہائش جائیں گے، حالانکہ اس سلسلے میں مصدقہ طور پر کچھ بھی نہیں کہا جا رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ بی آر ایس چیف اور سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر 8 دسمبر کو اپنی رہائش پر گر گئے تھے جس کی وجہ سے انھیں فریکچر آگیا تھا۔ بعد ازاں انھیں پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا علاج کیا۔ ڈاکٹروں کے مشورہ کے بعد کے سی آر کی ہِپ رپلیسمنٹ سرجری کی گئی جو کامیاب رہی۔ اب انھیں اسپتال سے چھٹی ضرور مل گئی ہے، لیکن پوری طرح صحت یاب ہونے میں انھیں 6 سے 8 ہفتے کا وقت لگے گا۔واضح رہے کہ چندرشیکھر رائوکا آپریشن ہونے کے بعد کئی سیاسی و فلمی ہستیوں نے اسپتال پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ تلنگانہ کے نومنتخب وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور ان کی کابینہ کے کئی لیڈران نے بھی اسپتال میں کے سی آر کی عیادت کی۔ علاوہ ازیں ٹی ڈی پی چیف چندربابو نائیڈو، سپراسٹار چرنجیوی اور پرکاش راج جیسی ہستیاں بھی ان کا حال چال پوچھنے کے لیے اسپتال پہنچے تھے۔

