پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی پیر تک ملتوی

تاثیر،۱۵ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 15 دسمبر: پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی جمعہ کو دوپہر 2 بجے تک اور بعد ازاں پیر تک کے لئے ملتوی کر دی گئی کیونکہ سکیورٹی میں لاپرواہی پر اپوزیشن کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سےصبح جب لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن ارکان پلے کارڈ کے ساتھ ایوان کے بیچ میں آئے اور نعرے لگانے لگے۔ اس کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔ دو بجے دوبارہ کارروائی شروع ہوئی تو ہنگامہ آرائی جیسی صورتحال برقرار رہی اور کارروائی پیر تک ملتوی کر دی گئی۔
دوسری جانب راجیہ سبھا میں پیپر رکھے جانے کا عمل مکمل ہونے کے بعد چیرمین جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ انہیں پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں کوتاہی کے موضوع پر کئی تحریک التواء￿ موصول ہوئی ہیں، لیکن وہ اجازت نہیں دے سکتے۔ اس پر اپوزیشن نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ بڑھتے ہوئے ہنگامے کو دیکھتے ہوئے کارروائی 02 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
اس کے بعد چیئرمین نے حکمران جماعت اور اپوزیشن کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ پارٹیوں کے فلور لیڈروں کو ملاقات کے لیے اپنے چیمبر میں بلایا۔ دو بجے دوبارہ کارروائی شروع ہوئی تو چیئرمین نے کہا کہ وہ کوئی اہم اعلان کرنے جارہے ہیں۔ تاہم ہنگامہ بڑھتا دیکھ کر انہوں نے کارروائی پیر تک ملتوی کر دی۔