بیلا ریل چکہ فیکٹری سے EMU ٹرینوں کے پہیوں کی پہلی کھیپ روانہ

تاثیر،۱۶ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

پہلے بیچ میں 117 پہیے دو ریاستوں کو بھیجے گئے
سارن(ندیم احمد)
ضلع کے دریا پور بلاک میں واقع ریل وہیل فیکٹری بیلہ کے ذریعہ تیار کردہ EMU ٹرینوں کے 117 پہیوں کی پہلی کھیپ روانہ کی گئی۔اس پہلے بیچ کو فیکٹری کے پرنسپل چیف مکینیکل انجینئر راکیش گوتم نے ناریل توڑ کر و ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔پہلے بیچ میں ای ایم یو ٹرینوں کے پہیوں کو سنٹرل ریلوے کی سانپاڈا ورکشاپ (مہاراشٹرا) اور مشرقی ریلوے کی ہالیشہر ورکشاپ (مغربی بنگال) بھیجی گئی۔یہ فیکٹری کی ایک اہم اور بڑی کامیابی ہے۔اس پہیے کا قطر 955 ملی میٹر ہے اور ایک پہیے کا وزن 423 کلوگرام ہے۔یہ پہیہ EMU مسافر ٹرینوں میں استعمال ہونگے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ EMU ٹرینوں کے پہیوں کو ڈھاالنے کا کام گزشتہ 14 نومبر کو فیکٹری میں شروع ہوا اور دو ماہ کے اندر اس کی پہلی کھیپ روانہ کر دی گئی۔جو کہ اپنے آپ میں ایک بڑی کامیابی ہے۔پہیوں کی کھیپ کی روانگی کے وقت فیکٹری کے افسران اور ملازمین میں جوش و خروش اور خوشی دیکھی گئی۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اس فیکٹری میں گڈز ٹرینوں اور مسافر ٹرینوں کے ساتھ ساتھ کنٹینر ٹرینوں کے پہیے ڈھالے جاتے تھے۔اب EMU ٹرینوں کے پہیوں کی کاسٹنگ کے ساتھ ہی اس فیکٹری میں چار قسم کے وہیل کاسٹنگ کا کام شروع ہو گیا ہے۔رفتہ رفتہ کارخانہ روزمرہ کی کامیابیوں کا ایک نیا باب لکھ رہا ہے۔ریل وہیل فیکٹری کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر اتم کمار سنگھ نے کہا کہ ای ایم یو ٹرینوں کی پہلی کھیپ روانہ کر دی گئی ہے۔یہ فیکٹری ریلوے بورڈ کی جانب سے مختلف اقسام کے پہیوں کی تعمیر کے لیے دیے گئے پروڈکشن ہدف کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور اب فیکٹری میں چار اقسام کے پہیوں کی تعمیر بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ فیکٹری پہیوں کی پیداوار کے معیار پر کھڑی اور پوری طرح قابل ہے۔