ونڈے سیریز سے قبل ٹیم انڈیا کو دوہرا جھٹکا، محمد سمیع کے بعد دیپک چہر ٹیم سے باہر

تاثیر،۱۶ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ،16دسمبر: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کے آغاز سے ایک دن پہلے دو بڑے جھٹکے لگے ہیں۔ ٹیم کے دو تیز گیند باز دورہ افریقہ سے باہر ہو گئے ہیں۔ تیز گیند باز دیپک چہر نے ون ڈے سیریز سے اپنا نام واپس لے لیا ہے جبکہ تجربہ کار تیز گیندباز محمد سمیع ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ چاہر ونڈے سیریز کا حصہ تھے ،جبکہ سمیع کو 26 دسمبر سے جنوبی افریقہ کیخلاف 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں کھیلنا تھا۔ بی سی سی آئی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کے دورے سے باہر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ دیپک چاہر کی جگہ آکاش دیپ سنگھ جنوبی افریقہ کے دورے پر ٹیم انڈیا کو جوائن کریں گے۔ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے محمد سمیع کا ٹیسٹ سیریز کھیلنا ان کی فٹنس پر منحصر تھا۔ سمیع ورلڈ کپ کے بعد زخمی ہو گئے تھے۔ سمیع بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کے سامنے اپنی فٹنس ثابت نہیں کر سکے، ایسے میں اب وہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ادھر جنوبی افریقہ کیخلاف تیسرا ٹی ٹوینٹی ختم ہونے کے بعد شریس ایئر نے ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ شریس دوسرے اور تیسرے ون ڈے کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ وہ اس وقت انٹرا اسکواڈ میچ میں مصروف ہوں گے۔ چاہر ٹیم انڈیا کے ساتھ جنوبی افریقہ کے دورے پر نہیں گئے تھے۔ ایسی اطلاعات تھیں کہ ان کے والد بیمار ہیں۔ جنوبی افریقہ کے دورے پر ان کا جانا پہلے ہی مشکوک تھا۔جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستانی اسکواڈاس طرح ہوگی:ریتوراج گائیکواڑ، سائی سدرشن، تلک ورما، رجت پاٹی دار، رنکو سنگھ، شریس ایئر، کے ایل راہل (کپتان، وکٹ)، سنجو سیمسن (وکٹ)، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، یجویندر چہل، مکیش کمار، آویش خان، ارشدیپ سنگھ، آکاش دیپ۔