ہماچل میں المناک حادثہ، بہاری مزدور کا خاندان آگ سے جھلس گیا، 9 ماہ کے معصوم سمیت 3 کی موت

تاثیر،۱۷ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

یونا،17؍دسمبر: ہماچل پردیش کے اونا ضلع میں ایک المناک حادثہ پیش آیا ہے۔ اونا کے ہرولی اسمبلی حلقہ کے تحت گرام پنچایت بٹھو کے کیلوا ماجرا میں لگی زبردست آگ میں تین قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔ اس واقعے میں ایک 25 سالہ خاتون، اس کا 9 ماہ کا بیٹا اور 5 سالہ بہن زندہ جل گئے، جب کہ خاتون کا شوہر شدید زخمی ہوگیا جسے پی جی آئی ریفر کردیا گیا ہے۔ واقعہ کے وقت پورا خاندان کچی بستی میں سو رہا تھا۔مرنے والوں کی شناخت 25 سالہ سمیت دیوی، بیوی وجے شنکر، 9 ماہ کے انکت، بیٹا وجے شنکر اور سمیت دیوی کی 5 سالہ بہن نینا کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے جب کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی ہرولی موہن راوت اتوار کی صبح اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے اور معاملے کی جانچ شروع کی۔پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق بہار کا ایک کنبہ تقریباً ایک ماہ قبل اس مقام پر محنت مزدوری کرنے آیا تھا اور ایک جھونپڑی میں رہنے لگا۔ شدید سردی کی وجہ سے اہل خانہ نے ہفتہ کی رات کو گرم ہونے کے لیے جھونپڑی کے اندر آگ جلائی تھی۔ شاید اسی آگ کی وجہ سے اس کی جھونپڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ کچھ ہی دیر میں آگ نے بھیانک شکل اختیار کر لی اور قریبی دو دیگر جھونپڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔واقعہ کے دوران وجے شنکر، اس کی بیوی سمیت دیوی، 9 ماہ کا بیٹا انکت اور وجے شنکر کی 5 سالہ بہن نینا، جو جھونپڑی میں سو رہے تھے، آگ کی زد میں آ گئے۔ جب تک مہاجر مزدور کچھ سمجھ پاتے اور ان لوگوں کو بچانے کی کوشش شروع کرتے، سمیت دیوی، نینا اور انکت کی موت ہو چکی تھی۔ کافی کوششوں کے بعد کارکنوں نے زخمی وجے شنکر کو آدھی جھلی حالت میں باہر نکالا۔ اسے فوری طور پر ایمبولینس کی مدد سے علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ڈی ایس پی ہرولی موہن راوت نے بتایا کہ پولیس کو 11 بجے کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی جانچ شروع کردی۔ کیس کی تفتیش ہر پہلو کو مدنظر رکھ کر کی جا رہی ہے، مقتول کے لواحقین کے بیانات قلمبند کر کے مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔