تاثیر،۱۷ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ،17دسمبر:جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز شروع ہو گئی ہے۔ اس ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج نیو ونڈرز سٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ میں افریقی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ان کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا اور پوری افریقی ٹیم ہندوستانی ٹیم کے تیز گیند بازوں کے سامنے صرف 116 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ یہ میچ خاص طور پر ہندوستانی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کے لیے بہت یادگار رہا۔ انہوں نے اس میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ارشدیپ نے پانچ وکٹ لے کر تاریخ رقم کی ہے۔
دراصل، ارشدیپ سنگھ ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ کے پہلے تیز گیند باز ہیں جنہوں نے جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف ون ڈے میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ہندوستان کے لیے اس سے پہلے کوئی بھی تیز گیند باز یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا ہے۔ تاہم ہندوستان کے اسپنرز نے یہ کارنامہ افریقی ٹیم کے خلاف انجام دیا ہے۔ ارشدیپ سنگھ سمیت 4 ہندوستانی گیند باز ہیں جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فہرست میں یوجویندر چہل، رویندر جڈیجہ اور ایس بی جوشی کے نام ہیں۔ تینوں کھلاڑی اسپنر ہیں۔ ایسے میں ارشدیپ واحد تیز گیند باز ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
ارشدیپ سنگھ آج کے میچ میں شروع سے ہی زبردست فارم میں نظر آئے۔ کوئی بھی افریقی بلے باز ان کے سامنے آرام دہ نظر نہیں آتا تھا۔ اس میچ میں ارشدیپ سنگھ نے ریزا ہینڈرکس، ٹونی ڈی جارجی، وان ڈیر ڈوسن، ہینرک کلاسن اور فیلوکوایو کو اپنا شکار بنایا۔ ارشدیپ سنگھ کو اس میچ میں دوسرے سرے سے آویش خان کا بھی بھرپور ساتھ ملا۔ آویش خان نے اس میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں اسپنر نے صرف 1 وکٹ حاصل کی۔ وہ وکٹ ہندوستانی اسپنر کلدیپ یادو کے نام تھی۔ اب ہندوستانی ٹیم یہ میچ بڑے مارجن سے جیت کر ون ڈے سیریز میں برتری حاصل کرنا چاہے گی۔

