تاثیر،۱۸ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
کراچی، 18 دسمبر: پیر کو شدید سردی کا سامنا کرنے والے پاکستان کے بندرگاہی شہر کراچی میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک رہائشی عمارت منہدم ہو گئی۔ اس حادثے میں کم از کم تین لوگوں کی موت کی اطلاع ہے اور 10 سے زیادہ زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔پاکستان کے معروف اخبار ڈان کے مطابق حادثہ کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں بیت المکرم مسجد کے قریب رہائشی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر گیس سلنڈر کی دکان کے اندر دوپہر کے وقت پیش آیا۔ گیس سلنڈر پھٹنے کے بعد چیخ و پکار مچ گئی۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ ملبے تلے مزید کچھ لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ پولیس افسر ڈاکٹر سامعیہ سید نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

