وزیراعلی نے ’جنتا کے دربار میں وزیراعلی‘ پروگرام میں شرکت کی، 78 لوگوں کے مسائل سنے،افسران کو ضروری ہدایات

 

پٹنہ، 18 دسمبر 2023: وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج 4، دیش رتنا مارگ پر واقع وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ کے احاطے میں منعقد ‘جنتا کے دربار میں وزیر اعلی’ پروگرام میں شرکت کی۔ ’جنتا کے دربار میں وزیر اعلی‘ پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے ریاست کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے 78 لوگوں کے مسائل سنے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ان کے حل کے لیے مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
آج ’جنتا کے دربار میں وزیر اعلی‘ پروگرام میں، محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن، محکمہ دیہی ترقیات، محکمہ دیہی امور، محکمہ پنچایتی راج، محکمہ توانائی، محکمہ سڑک تعمیرات، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، محکمہ زراعت، محکمہ کوآپریٹو، محکمہ مویشی و ماہی پروری وسائل، آبی وسائل محکمہ، صنعت محکمہ، شہری ترقیات ورہائش محکمہ، خوراک وصارفین تحفظ محکمہ، محکمہ ٹرانسپورٹ، ماحولیات، جنگلات اور موسمیات کی تبدیلی محکمہ، چھوٹے آبی وسائل محکمہ، منصوبہ بندی اور ترقیات محکمہ، محکمہ سیاحت، عمارت تعمیرات محکمہ، کمرشیل ٹیکس محکمہ۔ محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ، گنا صنعت (انڈسٹری) محکمہ اور محکمہ قانون سے متعلق معاملات کی سماعت ہوئی۔
’جنتا کے دربار میں وزیر اعلی‘ پروگرام میں بکسر ضلع سے آئی ہوئی محترمہ منجو دیوی نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ ڈمراؤں بلاک کی نواون پنچایت میں بکسر-پٹنہ فور لین کی تعمیر ہورہی ہے۔ اس سڑک میں انڈر پاس تو بنایا گیا ہے لیکن سروس روڈ اور نالہ نہیں بنایا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
مدھوبنی ضلع سے آئے مسٹر ترون کیرتی نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی اور کہا کہ انہیں بہار ریاستی فصل امدادی اسکیم کے تحت خریف سال 2020 کے لیے فصل کے نقصان کی رقم ابھی تک نہیں ملی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
دربھنگہ ضلع سے آئی محترمہ سیتا دیوی نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سڑک حادثہ میں ان کے شوہر کی موت ہو گئی اور ان کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔ مجھے سڑک حادثے کے بعد دی جانے والی امدادی رقم ابھی تک نہیں ملی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
کیمور ضلع سے آئے محمد اسلام خان نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بھبھوا ضلع ہیڈکوارٹر سے ان کے گاؤں پالکا کا فاصلہ 4 کلومیٹر ہے۔ ضلع ہیڈکوارٹر سے میرے گاؤں تک سڑک بنائی جائے۔ اس سڑک کی تعمیر سے منڈیشوری دھام کا فاصلہ کم ہو جائے گا اور شہر کی توسیع بھی جنوب کی طرف ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
سیتامڑھی ضلع سے آئے مسٹررنجیت کمار مشرا نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ ریگا شوگر مل کو دوبارہ شروع کیا جائے۔ اس سے 5 ہزار کسانوں اور مزدوروں کو بہت فائدہ ہوگا۔ علاقے کو کافی ریلیف ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے گنا صنعت محکمہ (انڈسٹری) کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
بھاگلپور سے آئی مسز ریتا سنگھ نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر سرکاری ملازمت میں تھے۔ ان کا انتقال سروس کے دوران ہوا لیکن ان کی وفات کے بعد بقایا تنخواہ، فیملی پنشن اورانوکمپا کی بنیاد پر تقرری نہیں کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
کیمورضلع سے آئے جناب گھنشیام کمار نے وزیراعلی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چاند بلاک واقع کلینی گاؤں کے دلت-مہادلت بستی کا رابطہ مین روڈ سے نہیں ہے رابطہ سڑکیں بنائی جائیں جس سے ہم لوگوں کو آمدورفت میں سہولت ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ دیہی امور کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
گوپال گنج ضلع سے آئے مسٹر گڈو پرساد نے وزیر اعلیٰ سے شکایت کی کہ کسانوں کو سال 2017-18 سے سال 2021-22 تک ساساموسا شوگر مل کی طرف سے خریدے گئے گنے کی قیمت ادا نہیں کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے گنا صنعت محکمہ کوکارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
نالندہ ضلع سے آئی مسزارپنا کماری سنہا نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رعیتی کی زمین پر سڑک غلط طریقے سے تعمیر کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے کاشت کاری میں دشواری ہو رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
شیوہر ضلع سے آئے ہوئے پرمیندر کمار نے وزیر اعلیٰ سے شکایت کی کہ شیوہر پولیس اسٹیشن کے قریب مین روڈ پر سماج دشمن عناصر کی طرف سے تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
جنتا کے دربار میں وزیراعلی پروگرام میں وزیر خزانہ کمرشیئل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، توانائی و منصوبہ بندی اور ترقیات کے وزیر جناب بیجیندر پرساد یادو، آبی وسائل و اطلاعات اور رابطہ عامہ کے وزیر جناب سنجے کمار جھا، عمارت تعمیر ات کے وزیرجناب اشوک چودھری، دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر جناب للت کمار یادو، وزیر زراعت جناب کمار سروجیت، مویشی و ماہی پروری کے وزیر محمد آفاق عالم، خوراک وصارفین تحفظ کی وزیر محترمہ لیشی سنگھ، صنعت کے وزیر جناب سمیر کمار مہاسٹھ، وزیر ٹرانسپورٹ مسز شیلا کماری، چھوٹے آبی وسائل کے وزیر جناب جینت راج، وزیر قانون جناب شمیم ??احمد، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، چیف سکریٹری جناب عامرسبحانی، ڈی جی پی مسٹر آر ایس بھٹی، وزیرکے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، متعلقہ محکموں کے ایڈیشنل چیف سکریٹریز/ پرنسپل سکریٹریز/ سکریٹریز، وزیراعلی کے سکریٹری جناب انوپم کمار، وزیراعلی کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ اور ایس ایس پی راجیو مشرا موجود تھے۔