تاثیر،۱۹ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
پشاور،19؍دسمبر:پشاور میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ بَلے کا انتخابی نشان پی ٹی آئی کی مقبولیت کا حصہ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ خان صاحب کی پارٹی عام پارٹی نہیں ہے، آئین کے مطابق شفاف انٹرا پارٹی الیکشن منعقد کیے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عدلیہ آزاد ہے، پشاور ہائی کورٹ کا کردار اچھا رہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہمیں پشاور ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ پر مکمل بھروسہ ہے، عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدلیہ سے آر اوز لیں۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں الیکشن کمیشن کا جواب نہیں آیا، عدالت نے جواب کی کاپی طلب کی، ہمیں عدلیہ سے امید ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 6 ماہ سے بلے کے انتخابی نشان کے لیے کوشش کر رہے ہیں، اگر بلے کا نشان نہیں ملا تو پھر ہارس ٹریڈنگ شروع ہو جائے گی۔بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 174 سیاسی جماعتوں میں سب سے شفاف انٹرا پارٹی انتخابات پی ٹی آئی نے کروائے، پی ٹی آئی نے کبھی کسی فورم میں عدلیہ کے خلاف بات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کا کردار بہت منصفانہ رہا ہے، مشکل حالات میں عدلیہ آئین و قانون کے ساتھ کھڑی رہی، پشاور اور لاہور ہائی کورٹ میں انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کی درخواستیں دی ہیں۔بیرسٹر گوہر علی خان نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنرز غیر جانبدار نہیں ہیں، سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ منظور ہے، ہمارے ورکرز اور سپورٹرز بہت متحرک ہیں، انتخابات کا انتظار کر رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن کو ذمے داری یاد دلائی ہے، پی ٹی آئی کے رہنما جلد انتخابات کے لیے کاغذات جمع کرائیں گے۔