تاثیر،۱۹ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
دبئی، 19 دسمبر:آسٹریلیا کے تیز گیند باز مچل اسٹارک منگل کو دبئی میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)کی نیلامی کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔ اسٹارک کو کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے 24.75 کروڑ روپے میں خریدا۔
آٹھ سال قبل آخری مرتبہ آئی پی ایل کھیلنے والے اسٹارک نے 2014 اور 2015 کے سیزن میں کھیلے گئے 27 میچوں میں 7.17 کی بہترین اکانومی سے 34 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 121 ٹی۔20 میچوں میں، 33 سالہ کھلاڑی نے 7.45 کی اکانومی سے 170 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اسٹارک نے پیٹ کمنز کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہیں سن رائزرس حیدرآباد نے منگل کو اسی نیلامی میں 20.5 کروڑ میں خریدا تھا۔
تیز گیند باز کمنز اس سے قبل دہلی کیپٹلس اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز کا حصہ رہ چکے ہیں۔کے کے آر نے انہیں 2020 کی نیلامی میں 15.5 کروڑ روپے کی ریکارڈ رقم میں سائن کیا تھا۔ کمنز کو ریلیز کر دیا گیا اور دو سیزن کے بعد فرنچائز ینے انہیں تقریباً 10 لاکھ ڈالر (7.25 کروڑ روپے) میں واپس خرید لیا۔
وہیں جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز ٹرسٹن اسٹبس کو دہلی کیپٹلس (ڈی سی ) نے ان کی بیس قیمت 50 لاکھ روپے میں خریدا ہے۔
دریں اثنا، ہندوستانی کیپر کے ایس بھرت کو کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے ان کی بیس قیمت 50 لاکھ روپے میں خریدا۔دوسری جانب ایک اور ورلڈ کپ جیتنے والے کھلاڑی جوش انگلس ان سولڈ رہے ۔ انگلس کے علاوہ انگلینڈ کے ہارڈ ہٹنگ کیپر بلے باز فل سالٹ بھی ان سولڈ رہے۔

