تاثیر،۲۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد، 21 دسمبر: جمشید پور ایف سی اب انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) 24-2023 میں جیت کے لیے اپنی جستجو میں گاچی بوولی اسٹیڈیم کا رخ کرے گی، جہاں ریڈ مائنرز کا مقابلہ آج رات میزبان حیدرآباد ایف سی سے ہوگا۔ فٹ بال میں تبدیلی آنے میں زیادہ وقت نہیں لگتا، کیوں کہ جمشید پور ایف سی نے 22-2021 میں آئی ایس ایل لیگ ونر شیلڈ جیتا تھا اور اسی سیزن میں حیدرآباد ایف سی نے فائنل میں کیرالہ بلاسٹرز ایف سی کو شکست دے کر آئی ایس ایل ٹرافی جیت لی تھی۔
دو سال سے بھی کم عرصہ قبل وہ ملک کی دو بہترین ٹیمیں تھیں اور اس سیزن میں اب تک قسمت دونوں کلبوں پرمہربان نہیں ہوئی ہے۔ ریڈ مائنرز نے 10 میچوں میں سے صرف ایک جیت حاصل کی ہے، جبکہ حیدرآباد ایف سی نے ابھی تک کھیلے گئے میچوں میں سے پورے تین پوائنٹس حاصل نہیں کیے ہیں۔ گول اسکورنگ ان ٹیموں کے لیے ایک بڑی پریشانی کا باعث رہا ہے، کیونکہ دونوں ٹیموں کے ہنر مند فارورڈ مسلسل گول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
حیدرآباد ایف سی کے ہیڈ کوچ تھانگ بوئی سنگٹو نے بار بار ان کوششوں کی تعریف کی ہے جو ان کے معاون عملے اور کھلاڑیوں نے اب تک کے ناپسندیدہ نتائج کے باوجود تربیت میں کی ہیں۔ اسی طرح جمشید پور ایف سی ٹیکٹیئن اسکاٹ کوپر نے اپنے کوچنگ فلسفے پر قائم رہنے پر زوردیا ہے۔ وہ اپنی ٹیم کی دفاعی لائن کی مضبوطی کی تعریف کرتے رہے ہیں جس نے اب تک 10 میچوں میں صرف 11 گول کھائے ہیں۔ حالانکہ ان کے فارورڈز کو متاثر کن پرفارمنس دینے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیم ایک ساتھ کلک کرسکیں جمشید پور ایف سی کو فتح دلاسکیں۔
حیدرآباد ایف سی کے ہیڈ کوچ تھانگ بوئی سنگٹو نے اعتراف کیا کہ ٹیم کو سیزن کی پہلی جیت حاصل کرنے کے لیے مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ’’حیدرآباد واپس آکر ہم واقعی خوش ہیں کیونکہ یہ ہمارا گھر ہے، یہ ہمارا گڑھ ہے۔ حیدرآباد ایف سی سے وابستہ ہر شخص بہتر جیت کا مستحق ہے۔‘‘
جمشید پور ایف سی کے حکمت عملی ساز اسکاٹ کوپر نے میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں کہا۔ ’’ہمارے پاس کوئی بہانہ نہیں ہے کیونکہ ہمیں حیدرآباد ایف سی سے زیادہ وقفے ملے ہیں۔ ہم بہت دنوں سے یہاں ہیں۔ دونوں ٹیموں کو واقعی جیتنا ہے۔ دونوں ٹیموں کے شائقین، مالکان، کوچز اور کھلاڑیوں کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں یہ میچ جیتنا ہوگا۔‘‘
آپ کو بتاتے چلیں کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 9 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں حیدرآباد نے 1 اور جمشید پور نے 4 جیتے ہیں اور 4 میچ ڈرا ہوئے ہیں۔

