تاثیر،۲۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
رائے پور/سکما/بیجاپور، 21 دسمبر :چھتیس گڑھ کے بستر ڈویژن میں نکسلیوں نے دیر شام سے بدھ کی رات تک زبردست ہنگامہبرپا کیا۔ سکما میں نکسلیوں نے ایک مسافر بس پر پتھراو کیا اور دو ٹرکوں کو آگ لگا دی۔ نکسلیوں کی طرف سے آتشزدگی کی وجہ سے نیشنل ہائی وے 30 پر ٹریفک رک گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھیرم گڑھ-بیجاپور این ایچ-163 پر درخت کاٹ کر گرا دیئے ، جس کی وجہ سے ٹریفک مکمل طور پر درہم برہم ہوگئی ہے۔ نکسلیوں نے بڑی تعداد میں پمفلیٹ بھی تقسیم کیے ہیں جس میں نکسلیوں نے 22 دسمبر کو بھارت بند کی کال دی ہے۔ بیجاپور کے ایس پی نے تصدیق کی ہے کہ ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔
بدھ کی شام تقریباً 6 بجے سکما ضلع کے جاگرگنڈہ تھانہ علاقے کے تحت کمار گوڑا کے نزدیک نکسلیوں نے ایک پک اپ گاڑی کو آگ لگا دی۔ وہیں جاگرگنڈہ علاقہ میں پک اپ گاڑی ڈیزل چھوڑ کر نکولنار کی طرف لوٹ رہی تھی، نکسلیوں نے کمار گوڑا کے قریب پک اپ گاڑی کو روک کر اسے آگ لگا دی۔ پک اپ گاڑی جل کر راکھ ہو گئی۔ کونٹا کے بی جے پی لیڈر سبھاش چترویدی کی گاڑی پر نکسلیوں نے پتھراؤ کیا۔ پتھراؤ کے وقت سبھاش چترویدی گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ بتایا جارہا ہے کہ نکسلائیٹس دیہی لباس میں موجود تھے۔اس واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
بدھ کے روز، شام تقریباً 7.30 بجے کونٹا سے عین پہلے آسرگڑا کے قریب این ایچ-30 پر نکسلی آ گئے جس میں کچھ گاؤں والوں کے ہاتھوں میں کمان اور تیر تھے اور کچھ بندوقوں سے لیس تھے۔ انہوں نے پہلے دو ٹرکوں کو روکا، ڈرائیور اور آپریٹر کو نیچے اتارا، ڈیزل ٹینک کو پھوڑکر آگ لگا دی۔ پیچھے سے آنے والی آندھرا پردیش مسافر بس کو روک دیا گیا اور مسافروں کو نیچے اترنے کو کہا گیا۔ اس کے بعد بس پر پتھراؤ کیا ۔ اطلاع ملتے ہی سی آر پی ایف کے جوانوں نے ڈرون کیمرہ اڑایا تو نکسلی بھاگ گئے۔ 20 کے قریب مسافر بحفاظت کیمپ پہنچ گئے۔ اطلاع ملتے ہی فورس موقع پر پہنچ گئی۔