ارکان پارلیمنٹ کی معطلی جمہوریت کا قتل ہے، بی جے پی عوام کے جذبات کا احترام نہیں کرتی: سدارامیا

تاثیر،۲۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 22دسمبر:کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے جمعہ کو کہا کہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے 146 ممبران پارلیمنٹ کی معطلی جمہوریت کا قتل ہے اور “آمرانہ رجحانات” کو ظاہر کرتا ہے۔ کانگریس نے ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کے خلاف بنگلورو میں زبردست مظاہرہ کیا اور پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں کوتاہی پر مرکز سے جواب طلب کیا۔ وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن ارکان کو پارلیمنٹ سے دور رکھ کر اہم قوانین پاس کئے گئے۔ سدارامیا نے نامہ نگاروں سے کہا، ’’جمہوریت کہاں ہے؟ جمہوریت میں حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کی بات سننی چاہیے۔ وہ یہ نہیں کہہ سکتی کہ وہ ان کی بات نہیں سنے گی۔ عوام نے منتخب نمائندوں کو مینڈیٹ دیا ہے، چاہے وہ لوک سبھا ہو یا قانون ساز اسمبلی۔ اسپیکر یا کسی اور کے پاس اسے چھیننے کا اختیار نہیں ہے۔” انہوں نے کہا کہ تاریخ میں ایک ساتھ اتنے اراکین کو معطل کرنے کی کوئی مثال نہیں ملتی، یہ ”پہلی بار” ہے۔ سدارامیا نے کہا، ”یہ جمہوریت کا قتل ہے۔ وہ لوگوں کے جذبات کا احترام نہیں کرتے۔ یہ ایک آمرانہ رجحان ہے۔ وہ سب کو دور رکھ کر قوانین میں ترمیم کر رہے ہیں اور بل پاس کر رہے ہیں۔ یہ کیا نمائندگی کرتا ہے؟ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حکومت ایک آمر ہے۔” اسی دوران کانگریس نے نائب وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار کی قیادت میں بنگلور میں مظاہرہ کیا۔ پارٹی کارکنوں نے بی جے پی کو آئین مخالف اور آمر قرار دیتے ہوئے نعرے لگائے۔